وزیراعلیٰ شہباز شریف کا ہیلی کاپٹر حادثہ میں 2 سفیروں اور 2 سفیروں کی بیگمات کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار

وزیر اعلیٰ کا 2 پائلٹس کی شہادت پر افسوس کا اظہار،زخمی ہونیوالے ہا لینڈ و پو لینڈکے سفیروں کی جلد صحت یابی کی دعا ہیلی کاپٹر کا حادثہ ایک بڑا سانحہ ہے جس پر اہل پاکستان رنجیدہ ہیں،دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں‘شہبازشریف

جمعہ 8 مئی 2015 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گلگت میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ناروے و فلپائن کے سفیروں اور ملائشیا و انڈونیشیاکے سفیروں کی بیگمات کے جاں بحق ہونے کے افسوس ناک واقعہ پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیاہے۔ وزیر اعلیٰ نے حادثہ میں 2 پائلٹس کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر کے المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حادثے میں سفارتکاروں کی ہلاکت او رپائلٹس کی شہادت پر دلی صدمہ ہواہے-میں اور پنجاب کے عوام ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں-دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں-ہیلی کاپٹر کا حادثہ ایک بڑا سانحہ ہے جس پر اہل پاکستان رنجیدہ ہیں-وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی ہونے والے ہا لینڈ و پو لینڈکے سفیروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ناروے و فلپائن کے سفیروں اور ملائشیا و انڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ ہوا ہے اور یہ حادثہ ایک سانحہ سے کم نہیں۔