عالمی یوم تھیلیسیمیا کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن پشاور کے تحت آگاہی واک کا اہتمام

جمعہ 8 مئی 2015 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء) الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے تحت 8 مئی عالمی یوم تھیلیسیمیا کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن پشاور کے صدر ملک پرویز خان کی قیادت میں پریس کلب پشاور کے سامنے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا ۔واک میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی ہیلتھ منیجر مجید اﷲ ، ضلعی جنرل سیکرٹری فدا محمد، الخدمت ہسپتال پشاور کے ڈائیگناسٹک سنٹر اور بلڈ بینک کے انچارج ممتاز اور ماہر پیتھالوجسٹ ڈاکٹر زبیر، ہیمٹالوجسٹ حضرت علی ، صوبائی میڈیا آفیسر احمد عبداﷲ اور تعمیر ملت سکول کے بچوں نے شرکت کی۔

واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے تھے۔ جن پر تھیلیسیمیا کے حوالے نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیتھالوجسٹ ڈاکٹر زبیر نے کہا کہ آج کے دن پوری دنیا میں تھیلیسیمیا ڈے اس لیے منایا جارہا ہے کہ لوگوں کو اس موذی مرض کے بارے میں آگاہی ہو اور اس بیماری کے تدارک کے لیے مشترکہ طور پر کوششیں کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو بچے اس موذی مرض میں مبتلا ہیں ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے تاکہ انہیں یہ احساس دلایا جاسکے کہ وہ اس مصیبت اور تکلیف میں تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری دنیا کے لوگ ان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے تدارک کے لیے ضروری ہے کہ شادی سے قبل تھیلیسیمیا،ایچ آئی وی ایڈزاورہیپا ٹائٹس کے ٹیسٹ لازمی کیے جائیں تاکہ پیدا ہونے والے بچوں کو اس کے اثرات سے بچایا جاسکے ۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر ملک پرویز خان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے کے بے سہارا طبقے کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ الخدمت ہسپتال پشاور میں معیاری بلڈ بینک اور تھیلیسیمیا سنٹر کامیابی سے خدمات انجام دی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند ا فراد کو اس موذی مرض میں مبتلا بچوں کے لیے اپنے خون کے عطیات پیش کرنے چاہیے کیونکہ ان پھول جیسے ننھے بچوں کی صحت کا خیال رکھنا ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔

متعلقہ عنوان :