ہمیں اپنے دشمن کے ساتھ مقابلہ کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا‘اپنی احتیاطی تدابیروں سے اپنے دشمن ڈینگی مچھر کاخاتمہ نہ کیا تو وہ ہماری جانوں کے پیچھے پڑ سکتا ہے‘تمام سرکاری ادارے ڈینگی مکاؤ بارے شعور اجاگر کیلئے کردار ادا کریں

ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی کا ڈینگی مکاؤ سیمینار سے خطاب

ہفتہ 9 مئی 2015 18:06

چکوال ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 مئی۔2015ء ) ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے دشمن کے ساتھ مقابلہ کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔اگر ہم نے اپنی احتیاطی تدابیروں سے اپنے دشمن ڈینگی مچھر کاخاتمہ نہ کیا تو وہ ہماری جانوں کے پیچھے پڑ سکتا ہے۔وہ ایڈمنسٹریٹر یونین کونسلز تحصیل چکوال حاجی احمد خان،ٹی ایم او طارق محمود پرویا اور لوکل گورنمنٹ کی طرف سے ڈینگی مکاؤ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جو کہ ٹی ایم اے کے جناح ہال میں منعقد ہوا تھا۔

ڈی سی او نے مزید کہا کہ ضلع بھرکے تمام سرکاری ادارے ڈینگی مکاؤ کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے میڈم شیریں ناز ،ڈسٹرکٹ آفیسر کمیونٹی ڈویلپمنٹ ملک الطاف حسین اور محکمہ ہیلتھ کی طرف سے ڈاکٹر شکیل امجد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شکیل امجد نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہمیں ڈینگی مکاؤ کے لیے حفاظتی تدابیروں پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹائر شاپ بسوں کے اڈوں اور ایسی جگہ جہاں پانی کھڑا ہوا ہے۔سلاٹر ہاؤس اور سر سبز علاقے پر گہری نظر رکھنی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ الحمداﷲ کہ چکوال میں سردست کوئی بھی ڈینگی کا مریض سامنے نہیں آیا۔اور ہم سب کا فرض ہے کہ بخار کی کوئی علامت سامنے آتے ہی قریبی ہسپتال کا رجوع کریں۔اور انہوں نے ڈینگی بچاؤ کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔

ڈی سی او نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ڈینگی مچھر کا خاتمہ کرنے میں تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔سیکرٹری جنرل پریس کلب نے ڈی سی او ،ای ڈی او ہیلتھ ،اور ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے سے کہا کہ ملیریا بخار کے خاتمے کے لیے بھی سپرے کا انتظام کیا جا نا چاہیے۔ڈی سی او نے کہا کہ حکومت کی طرف سے سپرے کرنے پر پابندی ہے۔اگر کہیں اس کی ضرورت ہے تو ایسا کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :