آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی پرقطعاً کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا ‘ وزیر خزانہ پنجاب

تعلیم اور صحت حکومتی ترجیحات ،بجٹ میں مختص رقم اس کا ثبوت ہوگی ،زراعت کی ترقی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائینگے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

اتوار 10 مئی 2015 15:02

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی پرقطعاً کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 مئی۔2015ء) صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی پرقطعاً کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ ریلیف دینے کیلئے کئی اقدامات کا اعلان کریں گے،جو لوگ اور ادارے ٹیکسز کی ادائیگی کی سکت رکھتے ہیں انہیں ہی اس دائرے میں لائیں گے ،آئندہ بجٹ میں بھی مختص رقم سے حکومت کی تعلیم اور صحت کے حوالے سے ترجیحات کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔

ایک انٹر ویو میں صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہر دور میں عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی اس روایت کو بر قرار رکھیں گے۔ آئندہ بجٹ حکومت کی ترجیحات کا آئینہ دار ہوگا اور اسکے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب خود ہر شعبے کے ماہرین سے رائے لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی پر قطعاً کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ ریلیف دینے کے لئے کئی اقدامات کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے نئے ٹیکسز کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ریونیو ٹیکسز سے حاصل ہوتا ہے تاہم موجودہ حکومت نے صرف اشرافیہ اور صاحب استعداد افراد پر ہی ٹیکس لگایا ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی صرف ٹیکس ادا کرنے کے قابل لوگوں اور اداروں پر بھی ٹیکس لگایا جائے گا۔ صحت اور تعلیم حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فنڈز بڑھائے جائیں گے جبکہ کئی سکیمیں بھی متعارف کرائی جارہی ہیں۔ زراعت کے شعبے کی ترقی اور کسان کو ریلیف دینے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہر شعبے کی ترقی اور بہتری کے لئے فنڈز مختص کئے جائینگے ۔

متعلقہ عنوان :