ایوان بالا میں نلتر ہیلی کاپٹر حادثے میں جانی نقصان پر تعزیتی قرارداد منظور

سینیٹ کے ارکان جاں بحق افراد کے خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لئے ان ممالک کے سفراء کی قابل قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سینیٹر سحر کامران کی پیش کی قرارداد میں خراج تحسین

پیر 11 مئی 2015 21:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء) ایوان بالا میں نلتر میں ہیلی کاپٹر حادثے میں جانی نقصان پر تعزیتی قرارداد منظور کر لی گئی ۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر سحر کامران نے اس سلسلے میں قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان نلتر میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے جس میں ناروے کے سفیر لیف ایچ لارسن اور فلپائن کے سفیر ڈومنگو ڈی لوسی ناریو کے علاوہ ملائیشیا اور انڈونیشیاء کے سفراء کی بیگمات ہلاک اور پاکستان آرمی ایوی ایشن کے دو پائلٹس میجر فیصل، میجر التمش اور عملے کے ایک رکن شہید ہوئے ہیں جبکہ انڈونیشیاء، پولینڈ اور ہالینڈ کے سفراء زخمی ہوئے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اس واقعہ پر سوگوار ہے اور پاکستان کے عوام اس مشکل گھڑی میں ناروے، فلپائن، پولینڈ، ہالینڈ، انڈونیشیاء اور ملائیشیا کے عوام کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹ کے ارکان جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لئے ان ممالک کے سفراء کی قابل قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ایوان سفارش کرتا ہے کہ جاں بحق ہونے والے سفراء اور فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادر پاکستانی پائلٹس اور پاک فوج کے جوان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ ترین پاکستانی اعزاز دیا جائے۔ بعد ازاں ایوان نے تعزیتی قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔