صوبے میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر کام کروں گا ‘ گورنر پنجاب

منگل 12 مئی 2015 13:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہملک میں آئین اور قانون کی بالادستی اولین ترجیح ہو گی اور اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی قیادت کے شانہ بشانہ چلیں گے،صوبے میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر کام کروں گا بالخصوص جنوبی پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کر دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاعر مشرق ،مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ۔اس موقع پر پاکستان رینجرز پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عمر فاروق برکی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔گورنر پنجاب نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کے بعد ”وزیٹرز رجسٹر “میں عظیم فلسفی شاعرڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کی قومی خدمات کے حوالے سے اپنے تاثرات رقم کیے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی اولین ترجیح ہو گی اور اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی قیادت کے شانہ بشانہ چلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کا گورنر ہونا در حقیقت بہت بڑی ذمہ داری ہے اور وہ اپنی ذمہ داری کو ادا کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وہ وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں گے‘ بالخصوص جنوبی پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے وہ دن رات ایک کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بطور گورنر تعیناتی ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو دور کرنے اور سب کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں خود اپنا احتساب کرنا ہو گا اور شاعر مشرق کے خواب کی عملی تعبیر پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے تمام ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر مل کر کام کرنا ہو گا ۔ انہوں نے ملک میں امن کے قیام کیلئے پاک فوج اور رینجرز کے کردار کو سراہا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے چارج سنبھالنے کے دوسرے روز گورنر ہاؤ س کے تمام سٹاف ممبران جس میں آفیسرز ، کلیئریکل سٹاف ،ویٹرز ، مالی ، خاکروب اور سکیورٹی کا عملہ شامل تھا سے فرداً فرداً ملاقات کی - اس موقع پر سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ میری فیملی ممبر کی طرح ہیں ، آپ جس شعبے میں بھی کام کر رہے ہیں وہاں انتہائی دیانت داری اور ایمانداری سے اپنے فرائص سرانجام دیں اس حوالے سے آپ کو میرا مکمل تعاون حاصل ہو گا-انہو ں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی ایک تاریخی اور آئینی حیثیت ہے اور اس کے تقدس کو برقرار رکھنا مجھ سمیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور مجھے یہ قوی یقین ہے کہ آپ آئندہ بھی پہلے سے زیادہ تندہی اور فرضی شناسی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :