سندھ کے 13 اضلاع میں بچوں کو انجکشن کے ذریعہ پولیو ویکسین لگانے کی مہم 18 مئی سے شروع ہوگی

منگل 12 مئی 2015 16:40

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء ) محکمہ صحت نے صوبہ کے 13 اضلاع کی 177 یونین کونسلوں میں 114,688 بچوں کو انجکشن کے ذریعہ پولیو ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ضمن میں 18 سے 25 مئی تک خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔اسپیشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ ڈاکٹر خالد شیخ نے اس مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران 4 سے 23 ماہ کے بچوں کو انجکشن کے ذریعہ پولیو ویکسین دی جائے گی ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حیدرآباد کی 48 میں 40,036 ‘ دادو کی 12 میں 17,823 ‘ شہید بے نظیر آباد کی 9 میں 3980 ‘ سانگھڑ کی 6 میں 3138 ‘ نوشہرو فیروز کی 10 میں 1904 ‘ سکھر کی 8 میں 3135 ‘ گھوٹکی کی 6 میں 4730 ‘ خیرپور کی 11 میں 5507 ‘ جیکب آباد کی 15 میں 5282 ‘ قمبر کی 12 میں 11131 ‘ کشمور کی 15 میں 5714 ‘ لاڑکانہ کی 10 میں 6259 اور شکارپور کی 15 یونین کونسل میں 6049 بچوں کو انجکشن کے ذریعہ پولیو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس مہم کے لئے متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور ڈپٹی کمشنروں کو 15 مئی تک مائیکرو پلان مرتب کرکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کے دوران 5 سال تک کے 332,429 بچوں کو قطروں کے ذریعے بھی پولیو ویکسین دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے قائم کئے گئے آؤٹ ریچ مراکز اور فکسڈ سینٹرز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کام کریں گے ۔ جبکہ سوشل موبیلائزرز گھر گھر جاکر والدین کو اس بات پر آمادہ کریں گے کہ وہ اپنے بچوں کو ان سینٹرز پر جاکر پولیو ویکسین پلائیں اور لگوائیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے حتمی اجلاس 15 مئی کو منعقد کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :