عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے‘خواجہ سلمان رفیق

صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں،پرائمری اورسکینڈری ہیلتھ بہتر ہونے سے ٹرشری کیئر لوڈ کم ہو گا جیل کے قیدیوں کی صحت کا خیال رکھنا اہم فریضہ ہے،تربیتی کورسز سے استعداد کار میں اضافہ ہوتا ہے‘ مشیر صحت پنجاب کا تقریب سے خطاب

منگل 12 مئی 2015 19:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ کے تحت ہیلتھ سیکٹر میں جاری اصلاحات کے نتائج بہت حوصلہ افزاء ہیں،پرائمری اور سکینڈری ہیلتھ بہتر ہونے سے ٹرشری کیئر کے ہسپتالوں پر لوڈ کم ہو گا۔انہوں نے یہ بات یہاں پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں محکمہ جیل خانہ جات کے ڈسپنسرز کے لازمی تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر،ڈائریکٹر پی ایچ ڈی سی ڈاکٹر سہیل ثقلین، ٹریننگ فیکلٹی، تربیتی کورس کے شرکاء اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سہیل ثقلین نے بتایا کہ جیل خانہ جات میں خدمات سرانجم دینے والے ڈسپنسرز کی بطور نرسنگ اسسٹنٹ گریڈ(14) ترقی کے لئے تربیتی کورس مکمل کرنا ضرور تھاجس کے لئے پی ایچ ڈی سی نے اپنی خدمات پیش کیں اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز کے تعاون سے استعداد کاربڑھانے کے لئے کورس کا اہتمام کیا گیا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جیل خانہ جات کے شعبہ صحت میں خدمات سرانجام دینے والے دراصل محکمہ صحت پنجاب کا ہی کام کررہے ہیں کیونکہ عام شہریوں کی طرح قیدیوں کی صحت کا خیال رکھنا بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک قیدی اپنی قید کے دوران سرکاری اہلکاروں پر انحصارکررہا ہوتا ہے لہذا یہ ہمارا قانونی،اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے کہ حکومتی ادارے جیلوں میں قیدیوں کی صحت کا خیال رکھیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ریفریشر کورسز اور ٹریننگ اہلکارں کے استعداد کار میں اضافہ کرتی ہے اور وہ زیادہ مہارت اور خود اعتمادی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے پی ایچ ڈی سی میں ہیلتھ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسران اور الائیڈ ہیلتھ پرسانلز کی تربیت کے پروگرام ترتیب دینے پر ڈاکٹر سہیل ثقلین کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں صحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے اور صوبہ پنجاب علاقائی مسابقت میں جارہا ہے اور ہم انشاء اﷲ اپنے ہیلتھ انڈیکیٹرز اپنے ہمسایہ ممالک سے بہتر کرنے میں جلد کامیاب ہوں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت رواں سال کے آخر تک تمام بنیادی مراکز صحتBHU پر ڈاکٹر تعینات کردے گی اور اس وقت 60 فیصد سے زیادہ BHUs پر ڈاکٹر تعینات ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ کئی دہائیوں سے ترقی کی منتظر نرسز کو پرموٹ کیا اور ہزاروں نئی آسامیاں پیدا کی ہیں اور ڈاکٹروں کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ پرکشش پے پیکج بھی متعارف کرا دئیے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت اور ڈاکٹرز کا ایک ہی نظریہ ہونا چاہیے اور وہ ہے مریض کی بھلائی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اصلاحات کا مقصد عام آدمی تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے آئی جی جیل خانہ جات کو قیدیوں کی صحت کے مسائل حل کرنے کے لئے محکمہ صحت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے جیلوں میں قیدیوں کے لئے فراہم کردہ صحت کی سہولیات بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جیلوں کے ہسپتالوں میں جدید تشخیصی آلات اور مشینری فراہم کی جارہی ہے اور قیدیوں کی صحت کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :