پاکستانی قوم ملائیشیا اور انڈونیشیا سے دلی لگاؤ رکھتی ہے اور ان کی تکلیف کو محسوس کرتی ہے،ملائیشیا اور انڈونیشیا برادر اسلام ممالک نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی،نلتر جیسے صحت افزا مقام سے دکھ بھری خبر ملنا تکلیف دہ ہے

گورنر گلگت بلتستان ووفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی سفارتی مشن کے نمائندوں اور غمزدہ خاندان سے ملاقاتوں میں بات چیت

منگل 12 مئی 2015 20:46

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء ) گورنر گلگت بلتستان ووفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دوست ممالک کے سفراء اور ان کے اہل خانہ کے نلتر ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکتوں پر ہمارے دل افسردہ ہیں۔ پاکستانی قوم برادر اسلامی ممالک کے سفیروں کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر انتہائی افسردہ ہے۔

نقصان ملائیشیا اور انڈونیشیا کا ہی نہیں بلکہ پاکستان کا بھی ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے علیحٰدہ علیحٰدہ ملاقاتوں میں کیا۔ ان کے ہمراہ وفاقی سیکرٹری برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان شاہد اﷲ بیگ بھی تھے۔ منگل کے روز وہ انڈونیشیا کے سفارتخانے گئے اور سفارتی مشن کے نمائندوں اور غمزدہ خاندان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم اس حادثے پر انتہائی رنجیدہ اور دکھی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے انڈونیشیا کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور انڈونیشیائی سفیر کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی اور جاں بحق ہونے والی خاتون کی روح کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہارکیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم اس جانی نقصان کی شدید تکلیف محسوس کرتی ہے۔ پاکستان اپنے برادر اسلامی ملکوں کے دکھ کو اپنا دکھ گردانتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ اپنے روابط کو انتہائی اہمیت دیتاہے۔ تلتر جیسے تفریحی مقام سے اس قسم کی تکلیف دہ خبر کا سننا دکھ کا باعث ہے۔ اس کے بعد وہ ناروے کے سفارتخانے گئے جہاں انہوں نے نے پاکستان میں تعینات سفیر کی مذکورہ حادثے میں ہلاکت پر سفارتخانے کے اہلکاروں سے تعزیت کی۔تعزیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے سفیر نے جنوبی ایشیاء اور خصوصاً افغانستان اور پاکستان کے لیے انتہائی گرانقدر سفارتی خدمات سر انجام دیں جس کے لیے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

وہ پاکستان کے انتہائی عزیز دوست تھے جنہوں نے اعلیٰ سفارتی اقدار کے سائے میں پاک ناروے دوستی کو پروان چڑھایا۔ وہ چند منجھے ہوئے سفیروں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے ان کی روح کے ابدی سکون کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 8مئی کو گلگت کے نواحی مقام نلتر میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں سفیروں اور ان کی بیویوں سمیت سات افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ناروے کے سفیر، ملائیشیا کے سفیر کی اہلیہ اور انڈونیشیا کے سفیر کی اہلیہ جاں بحق ہوئی تھیں۔ بیس سے زائد غیر ملکی سفیر وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ظہرانے میں شرکت کے لیے نلتر جارہے تھے کہ ایک ہیلی کاپٹر عین لینڈنگ کے وقت حادثے کا شکار ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :