آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے‘ سیاح آزاد کشمیر میں بلا خوف و خطر سفر کرسکتے ہیں‘ بجٹ میں تعلیم و صحت کے علاوہ سیاحت کے شعبہ پر بھی بھرپور توجہ دی جائے گی

وزیراعظم آزاد حکومت ریا ست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید کی آئی جی پی ملک خدا بخش اعوان اور عوامی وفد سے گفتگو

بدھ 13 مئی 2015 16:21

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریا ست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے اندر امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید وسائل فراہم کرکے ان کی استعداد کار میں مزید اضافہ کرے گی سیاحت کے لیے آزادکشمیر کے شمالی علاقے بہترین مقامات ہیں جہاں سیاح بلا خوف وخطر سفر کرسکتے ہیںآ ئندہ بجٹ میں تعلیم وصحت ،انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبہ پر بھی بھرپور توجہ مرکوزکی جارہی ہے وہ گزشتہ روز انسپکٹر جنرل پولیس ملک خدا بخش اعوان اور عوامی وفد سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر ڈی آئی جی سردار گلفراز بھی ہمراہ تھے آئی جی پولیس نے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید سے ملاقات کرکے انھیں آزاد خطہ کے اندر سیکورٹی کی عمومی صورتحال اور میگا ترقیاتی منصوبوں پر ملکی وغیر ملکی عملے کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تازہ بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے بتایا کہ آزادکشمیر پولیس دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اپنے پیشہ وارانہ فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہی ہے فورس کی ٹریننگ ،نظم وضبط اور استعداد کار میں اضافے کے لیے وقتاً فوقتاً ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں انہوں نے بتایا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کے پیش نظر پولیس حساس مقامات وتنصیبات کی حفاظت کے لیے پوری طرح چوکس ہے وزیراعظم نے کہاکہ حکومت قومی اداروں کے استحکام کے لیے تسلسل کے ساتھ وسائل فراہم کررہی ہے تاکہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے قبل ازیں پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر میں سیاحت کے شعبہ کو ترقی دے کر روزگار کے نئے مواقع پید اکررہی ہے آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں سڑکوں اورپلوں کی تعمیر کے لیے ایشین ترقیاتی بنک کی طرف سے 5ارب روپے کے منصوبے مکمل ہونے سے لوگوں کو سہولیات کے ساتھ ساتھ سیاحت کو بھرپور ”بوسٹ“ ملے گا انہوں نے کہاکہ یہ سیزن آزادکشمیر کی سیاحت کے لیے بہترین موسم ہے حکومت سیاحوں کو سیکورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔