قرآن پاک کی معیاری کاغذ پر اغلاط سے مبرا اشاعت و طباعت کا بل اتفاق رائے سے منظور

جمعرات 14 مئی 2015 16:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے قرآن پاک کی معیاری کاغذ پر اغلاط سے مبرا اشاعت و طباعت کا بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا، کمیٹی نے قرآن پاک کے بوسیدہ اوراق کو احترام سے شہید کرنے کیلئے مرکز اور صوبوں کو سرکاری سطح پر مناسب اقدامات کی ہدایت کی۔ ارکان کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ قرآن پاک کی 52گرام سے کم غیر معیاری کاغذ پر چھپائی کرنے والے ناشرات کے خلاف جرمانے کی حد 20ہزار سے بڑھا کر 5لاکھ روپے تک کی جائے ۔

کمیٹی نے حج 2015ء کے اچھے انتظامات حج کرایوں میں 10ہزار کمی اور وفاقی دارالحکومت میں نظام صلوٰة کے نفاذ پر حکومت اور وزارت مذہبی امور کی ستائش کی اور ہدایت کی کہ حجاج کرام سے سعودی عرب میں رہائش کیلئے لی گئی رقم میں سے بچ جانے والی رقم سعودی عرب روانگی سے قبل واپس کی جائے اور رہائش گاہیں حرم شریف کے قریب کرائے پر حاصل کی جائیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں بل پیش کرنے والے میجر(ر) طاہر اقبال، آسیہ ناز تنولی، شاہدہ اختر علی، عمران شاہ، شگفتہ جمانی، صاحبزادہ یعقوب ،صاحبزادہ طارق اللہ، جاوید جاموٹ، سمیت وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، پیر امین الحسنات، سیکرٹری مذہبی امور سہیل سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں (ن) لیگ کے رکن میجر طاہر اقبال کے نجی بل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بل میں قرآن پاک کی طباعت کے پہلے سے موجود قانون میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

کمیٹی نے طویل غور و خوص کے بعد بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ کمیٹی میں شریک تمام ارکان نے حج انتظامات میں بہتری، فضائی کرایوں میں کمی اور اسلام آابد میں نظام صلوٰة کے قیام پر وزیراعظم اور وزیر مذہبی امور کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ نظام صلوٰة کو دیگر چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر، جی بی اور فاٹا کے علاقوں تک توسیع دی جائے۔ کمیٹی کے ارکان نے ملک بھر میں ایک عید منانے کیلئے بھی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا، ارکان نے 52گھرم سے کم معیار کے کاغذ پر قرآن پاک چھاپنے پر جرمانے کی رقم 5لاکھ روپے تک بڑھانے اور عمرہ کے شعبے کو بھی وزارت کے ماتحت لانے کی سفارش کی۔