ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہرکھوکھر کا سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی غیرحاضری اورمریضوں کی ہلاکتوں پر اظہار تشویش ‘وزیرصحت اور سیکرٹری صحت عامہ سے ڈاکٹرز کی ہسپتالوں میں حاضری کو یقینی بنانے کا مطالبہ

جمعرات 14 مئی 2015 16:38

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء ) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہرکھوکھر نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی غیرحاضری اورمریضوں کی ہلاکتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرصحت اور سیکرٹری صحت عامہ سے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کی ہسپتالوں میں حاضری کو یقینی بنایاجائے - سرکاری ہسپتالوں میں دور دراز سے غریب عوام علاج معالجہ کیلئے آتے ہیں لیکن ڈاکٹرز موجود نہیں ہوتے جس کے باعث کئی مریض تڑپتے رہتے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا - ڈاکٹرز کی تنخواہوں اور مراعات پر حکومت کروڑوں روپے کے اخراجات کرتی ہے لیکن وہ وائسرائے بنے ہوئے ہیں اور مریضوں کو انسان نہیں سمجھتے جو انتہائی قابل مذمت ہیں انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز کی پرائیویٹ پریکٹس پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور انہیں ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کرنے کاپابند کیاجائے - طاہرکھوکھر نے کہاکہ اگر ڈاکٹرز نے اپنا قبلہ درست نہ کیاتو ایم کیو ایم راست اقدام پر مجبور ہو گی-

متعلقہ عنوان :