موسم کی تبدیلی کے ساتھ ڈینگی کی افزائش کے امکانات بڑھ گئے ہیں، حکومت پنجاب تدارک یقینی بنائے گی‘لبنیٰ فیصل

گذشتہ سال کے کامیاب اور طے شدہ لائحہ عمل کو اپناتے ہوئے ان ڈور و آؤٹ ڈور سرویلنس اور آگاہی مہم تیز کی جائے‘رکن صوبائی اسمبلی

جمعرات 14 مئی 2015 18:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء ) رکن صوبائی اسمبلی لبنی فیصل نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے اور حالیہ بارش کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش کے پیش نظر متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس یقینی بنائیں اور ائیرکولرز،گملوں،تالابوں اور پانی کی سٹوریج یا لیکچ کے امکان والے تمام مقامات پر خصوصی توجہ دیں۔حکومت پنجاب عوامی نمائندوں، تمام متعلقہ محکموں اور معاشرے کے ہر فرد کے تعاون سے اس سال بھی ڈینگی کی روک تھام کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے گی اور گذشتہ سال کی طرح اس بار بھی لوگوں کو اس مہلک وباء سے محفوظ رکھے گی۔

انہوں نے یہ بات ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کینٹ و کنٹونمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سیکرٹری ہائیرایجوکیشن نعمان جمیل، ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال ،سینئر انٹامالوجسٹ ڈاکٹر انعام الحق ، لاہورکنٹونمنٹ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندوں،پرنسپلز گورنمنٹ گرلز اسلامیہ کالج کینٹ، گورنمنٹ رابعہ بصری کالج، خواجہ رفیق شہید کالج کے علاوہ محکمہ تعلیم، صحت ،کوآپریٹو، فشریز، ڈی ایچ اے اور آرمی کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی لبنیٰ فیصل نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کوہدایت کی کہ گذشتہ سال کے کامیاب طے شدہ لائحہ عمل اور طریقہ کار کواپناتے ہوئے اس سال بھی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس یقینی بنائیں اور تعلیمی اداروں میں صفائی،طلبا وطالبات کی آگاہی ک لئے زیروپیریڈز اور سیمینارز کا انعقاد،ہاف بازو شرٹس پر پابندی،ریگولر انسپکشن اور ضرورت کے مطابق سپرے یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کی غرض سے گھر گھر جاکر حفاظتی تدابیر بارے اقدامات سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہاکہ ہائی رسک ایریاز، قبرستان، پارکوں، تالابوں کے علاوہ ٹائر شاپس، ورک شاپس،پلازوں،دکانوں،پٹرول و سی این جی اسٹیشنز، ہوٹلوں، گوداموں، کمرشل ایریاز میں بھی ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ اقدامات کے پیش نظر باقاعدگی سے سرویلنس یقینی بنائی جارہی ہے۔کسی بھی جگہ سے لاروا ملنے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام سے بھی اپیل کی جائے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔