ہائی رسک یونین کونسلوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد

میڈیکل کیمپ بیماریوں کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور بچوں کی ایمونائزیشن میں معاون ثابت ہوں گے‘خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 14 مئی 2015 19:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء ) محکمہ صحت پنجاب پولیو اور ایمونائزیشن کوریج کو بہتر بنانے اور بیماریوں کی روک تھام کے سلسلے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے ہائی رسک یونین کونسلوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد کررہا ہے جس سے ڈیزیز پریونشن کے لئے عوامی شعور اجاگر کرنے میں بہت مدد ملے گی اور ایسے بچے جن کو کسی وجہ سے حفاظتی ٹیکہ جات نہیں لگے یا انہوں نے پولیو کے قطرے نہیں پیئے،ان کی ایمونائزیشن ممکن ہو سکے گی۔

یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے یو سی 99 خان کالونی فیروز پور روڈ پر 3 روزہ میڈیکل کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ذوالفقار علی،ڈی ایچ او ڈاکٹر سعید،یونیسف کے نمائندے ڈاکٹر نعیم اﷲ،مسٹر آیون ،عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر اشرف واحداناور روٹری کلب کے سعیدشمسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ای ڈی او ہیلتھ نے مشیر صحت کو بتایا کہ میڈیکل کیمپ میں حاملہ خواتین کے معائنہ،ماں بچہ کی صحت،پولیو ویکسینیشن اور روز مرہ کی بیماریوں کے علاج معالجہ کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔کیمپ میں میڈیکل آفیسر کے علاوہ خاتون ڈاکٹر کا الگ الگ انتظام موجود ہے اور ادویات بھی وافرمقدار میں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں یو سی 69 سگیاں پل اوریو سی 84 بابو صابو کے علاقوں میں بھی میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جو 3 دن جاری رہیں گے اور پولیو کے خلاف مقامی سطح پر مہم کے بعد یہ کیمپ دوبارہ لگائے جائیں گے۔

خواجہ سلمان رفیق نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں یونیسف کی طرف سے تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بیماریوں کا لوڈ کم کرنے کے لئے لوگوں کا بیماریوں کے خلاف شعور اجاگر کرناہو گا تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اپنے آپ کو بیمار ہونے سے بچا سکیں۔

متعلقہ عنوان :