مقامی اور بین الاقوامی مانگ پورا کرنے کیلئے حکومت صوبائی سطح پر فنی تربیت کے ادارے قائم کریگی، پیر سید صدرالدین شاہ راشدی

معاشرے کی تعمیر و ترقی کیلئے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے ،وفاقی وزیربرائے سمندر پارپاکستانیز

جمعرات 14 مئی 2015 20:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء) وفاقی وزیربرائے سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی مانگ کو پورا کرنے کے لئے حکومت صوبائی سطح پر فنی تربیت کے ادارے قائم کرے گی ۔اقوام متحدہ کے انسداد دہشتگردی ٹاسک فورس کے ڈائریکٹر جہانگیر خان کے سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مستقبل قریب میں دبئی ایکسپو2020 اور2022 میں قطر میں منعقد ہونے والے عالمی فیفا ورلڈ کپ کے لئے درکار ہنرمند افرادی قوت کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری، سکندر اسماعیل خان، منیجنگ ڈائریکٹر اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن حبیب الرحمان خان، ایم ڈی او ای سی اور وزارت کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرنے وفد کو وزارت کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت ہنرمند افراد ی قوت کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک سے بیرورزگاری کے خاتمے میں مدد ملے۔

انھوں نے دور افتادہ علاقوں میں ہنرمند افرادی قوت کی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کے دور دراز علاقوں میں بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔وفد کے سربراہ جہانگیر خان نے اقوام متحدہ کی جانب سے نوجوانوں کی فنی تربیت کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے تاکہ وہ غلط عناصر کے ہاتھوں میں جانے کے بجائے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادر کر سکیں۔ طرفین نے نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی کے لئے باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔