18مئی تا 23مئی تک ہفتہ ماں بچے کی صحت کا ہفتہ منایا جائے گا

جمعہ 15 مئی 2015 12:42

ہٹیاں بالا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہٹیاں بالا ڈاکٹر سردار تسلیم احمد خان نے کہا ہے کہ 18مئی تا 23مئی تک ہفتہ ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منایا جائے گا اس ہفتہ کے دوران جملہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنے اپنے علاقوں میں 500سے زائد ہیلتھ سیشن منعقد کریں گی ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے منائے جانے والے ہفتہ کے دوران نمونیہ سے بچاؤ ،صحت و صفائی کے بارے میں آگاہی بچوں کو پیٹ کے کیڑوں کی گولیاں ،ویکسینیشن کی جائے گی 0سال سے لے کر 2سال تک کے بچوں کوویکسین پلائی جائے گی جبکہ 2سال سے 5سال تک کے بچوں کو کیڑوں کی گولیاں کھلائی جائیں گی حاملہ خواتین کو TTکے انجکشن بھی لگائے جائیں گے ہفتہ ماں اور بچے کی صحت کے دوران جملہ سہولیات محکمہ صحت عامہ مہیاء کرے گا اور تمام ادویات لیڈی ہیلتھ ورکرکے ذریعہ فراہم کی جائیں گی ان خیالات کا اظہارڈاکٹر سردار تسلیم احمد خان نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہا تمام لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنی اپنی کیمیونٹی میں تین تین ہیلتھ ایجوکیشن سیشن کے انعقاد بھی کریں گی جن میں کیمونٹی کو شریک کیا جانا انتہائی ضروری ہو گا تا کہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالہ سے زیادہ سے زیادہ آگاہی حاصل ہو سکے انہوں نے کہا کہ عوام الناس سے استدعا ہے کہ وہ اس ہفتہ کی کامیابی اور کامرانی کیلئے محکمہ صحت عامہ کا بھرپور ساتھ دیں جبکہ انتظامیہ اور عوام لیڈی ہیلتھ ورکرز کی نگرانی اور حفاظت کے اقدامات بھی کریں گے ماں اور بچے کی صحت کے دوران محکمہ صحت عامہ کی مختلف ٹیمیں باقاعدہ طور پر ہیلتھ سرگرمیوں کا جائزہ لیں گی اور فرائض سے غفلت کی بنا پر سخت ترین کاروائی کی جائے گی ۔