کیمپ ڈیوڈ اجلاس، فوجی تعلقات مضبوطبنانے اور بیرونی خطرات کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق

جمعہ 15 مئی 2015 14:16

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء )خلیج کے عرب ممالک کے سربراہان کا کیمپ ڈیوڈ میں امریکی صدر براک اوباما کی زیر صدارت سربراہ اجلاس اختتام پذیر ہوگیا،امریکا اور خلیج تعاون کونسل نے فوجی تعلقات مضبوط بنانے اور بیرونی خطرات کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا ہے، امریکی صدر بارک اوباما کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کا مقصد ایران کو غیر اہم بنانا نہیں ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق کیمپ ڈیوڈ میں امریکا اور خلیج تعاون کونسل کے 6رکن ملکوں کا 2روزہ سربراہ اجلاس ہوا، جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سربراہ اجلاس میں سیکیورٹی تعاون بالخصوص اسلحے کی تیز رفتاری سے فراہمی، انسداد دہشت گردی، میری ٹائم سیکیورٹی، سائبر سیکیورٹی اور بیلسٹک میزائل ڈیفنس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا اور خلیجی ممالک خطے کو غیر مستحکم کرنے کی ایرانی سرگرمیوں کی مخالفت کرتے ہیں اور اس کی روک تھام کے لیے مل کر کام کریں گے۔ امریکا کسی بھی خلیجی ملک کی علاقائی سالمیت کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے خلیج تعاون کونسل کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ پریس کانفرنس میں صدر اوباما نے زور دیا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی سیکیورٹی تعلقات کا مقصد ایران کے ساتھ طویل مدتی تنازع کو برقرار رکھنا نہیں اور نہ ہی ایران کو غیر اہم بنانا ہے۔

اسرائیل فلسطین تنازع سے متعلق صدر اوباما کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ فلسطینی ریاست کا قیام نہ صرف خطے میں امن، بلکہ ایک یہودی ریاست کے طور پر اسرائیل کی طویل مدتی سیکیورٹی کے لیے بھی ضروری ہے۔