حکومت نے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کا تہیہ کر رکھا ہے ، یاسمین لہڑی

جمعہ 15 مئی 2015 16:40

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء ) محکمہ صحت کی فوکل پرسن و رکن صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کا تہیہ کر رکھا ہے بولان میڈیکل کالج میں جاری ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔یہ بات انہوں نے کوبولان میڈیکل کالج میں 808.231ملین کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر رکن اسمبلی یاسمین لہڑی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بولان میڈیکل کالج میں گزشتہ 30سال سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا تھا جس کی وجہ سے میڈیکل کالج کھنڈرات کا منظر پیش کررہا تھا وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ اور صوبائی وزیر صحت میر رحمت بلوچ کی خصوصی دلچسپی کے باعث میڈیکل کالج ، ہاسٹل اورنرسنگ ہاسٹل میں تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

رکن اسمبلی یاسمین لہڑی نے کہا کہ حکومت نے عوام کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا تہیہ کررکھا ہے جس میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ماضی میں صوبے میں ترقیاتی فنڈز خوردبرد کی نظر ہوگئے لیکن اب ترقیاتی کام زمین پر نظر آرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بولان میڈیکل کالج میں جاری ترقیاتی کاموں میں معیار برقرار اور منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی طلباء کو بھی چاہئے کہ وہ تعمیراتی فرم کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ترقیاتی کاموں کوبروقت مکمل کیاجاسکے۔۔