کراچی، لانڈھی پولیس نے مضر صحت گٹکے کی میڈیکل رپورٹ پر گٹکا کارخانے کے مالک سلیم کو گرفتار کرلیا

جمعہ 15 مئی 2015 17:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) لانڈھی پولیس نے مضر صحت گٹکے کی میڈیکل رپورٹ پر گٹکا کارخانے کے مالک سلیم کو گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے منہ کا کینسر ہونے والے مدعی کی رپورٹ پر مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ۔جبکہ مضر صحت گٹکے کی میڈیکل رپورٹ نے تہلکا مچادیا ہے ۔ایس ایچ او لانڈھی سعادت بٹ کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں آیا ہے کہ گٹکا کی تیاری میں دیگر اشیاء کے علاوہ کوکین اور مضر صحت کیمکیل کا استعمال کیا گیا ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے اور منہ کے کینسر کا بھی سبب بن سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیکل رپورٹ میں لانڈھی پولیس کے ہاتھوں برآمد ہونے والے گٹکے کو ناقابل استعمال قرار دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ ایس ایچ او لانڈھی سعادت بٹ نے چند روز قبل لانڈھی نمبر 2پر واقع سلیم گٹکا تیار کرنے والے کارخانے پر چھاپہ مارا تھا اور کارخانے سے بڑے پیمانے پر مضر صحت گٹکے کے علاوہ گٹکے کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان و اشیاء بھی بڑی مقدار میں برآمد کی تھیں ۔گزشتہ روز لانڈھی پولیس نے گٹکا کھانے سے منہ کے کینسر میں مبتلا ہونے والے ایک شخص کی مدعیت میں بھی مقدمہ گٹکا کارخانے کے مالک سلیم کے خلاف درج کرکے سلیم کو گرفتار کرلیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :