ایورنیو سٹوڈیو، شیزان فیکٹری اور بینز فیکٹری میں ڈینگی لاروا پائے جانے پر نوٹسز جاری

تعمیری مقاصد کے لئے اکٹھا کئے جانے والے پانی کے ذخائر ہر دوسرے روز خالی کریں تاکہ ڈینگی لاروا پیدا نہ ہو سکے واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی علاقہ کے دورہ کریں،بارشی پانی کھڑا ہونے فوری نکاسی یقینی بنائیں‘ ٹاؤن میونسپل آفیسر ملک امتیاز اعوان

جمعہ 15 مئی 2015 18:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) ایورنیو سٹوڈیو، شیزان فیکٹری اور بینز فیکٹری میں ڈینگی لاروا پائے جانے پر ان کی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ دوبارہ چیک کرنے پر لاروا پایا گیا تو ان کے اخلاف ڈینگی قوانین کے تحت مقدمات درج کروائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ ٹاسک فورس کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر محترمہ مبارک کی زیرصدارت سمن آباد ٹاؤن میں منعقدہ ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس میں ٹاؤن میونسپل آفیسر ملک امتیاز اعوان نے بتایاکہ سمن آباد ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے والی ادویات فراہم کر دی گئی ہیں۔

ٹاؤن کی انتظامیہ نے ایک ہفتہ کے دوران 2025آؤٹ ڈور اور 2905ان ڈور جگہوں کو چیک کیا اور 3ان ڈور جگہوں پر ڈینگی لاروا پایا گیا جسے تلف کردیاگیا ہے جبکہ 20گھروں میں آئی آر ایس کروایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹاؤن انتظامیہ نے 10کباڑخانے، 14قبرستانوں اور 12ٹائرشاپس کو بھی چیک کیا ہے اور کسی جگہ لاروا نہیں پایاگیا۔اجلاس میں واسا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ وہ علاقے کا دورہ کریں اور کسی بھی جگہ بارش کا پانی کھڑا ہونے کی صورت میں اس کی فوری نکاسی کا بندوبست کریں۔

محکمہ تعلیم کے حکام نے رپورٹ پیش کی کہ علاقے کے تمام سرکاری و غیرسرکاری سکولوں کی چھتوں کو چیک کیاگیا ہے اور چھتوں پر موجود کاٹھ کباڑ کو ٹھکانے لگایاگیا ہے۔ ماہی پروری کے حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ جھیلوں میں ڈینگی لاروا کھانے والی مچھلیوں کی سٹاکنگ کے ساتھ ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنائیں کہ جھیلوں میں ڈالی جانے والی مچھلیاں زندہ بھی ہیں یا نہیں۔ ایل ڈی اے حکام کو ہدایت کی گئی کہ علاقے کی زیرتعمیر عمارتوں کو چیک کریں اور تعمیری مقاصد کیلئے اکٹھا کئے جانے والے پانی کی ذخیرہ گاہوں کو ہر دوسرے دن خالی کرنے بارے کارروائیاں کریں۔

متعلقہ عنوان :