تمام محکمے انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں جاری رکھیں‘خواجہ سلمان رفیق

ڈینگی کی روک تھام کے لئے سرکاری محکمے زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری

جمعہ 15 مئی 2015 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء ) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں انسداد ڈینگی کے اقدامات اور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں پوری رفتار کے ساتھ جاری رکھی جائیں، محکمہ موسمیات کی طرف سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی بنا پر ہمیں مزید الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں اراکین اسمبلی پیر اشرف رسول، چوہدری اکرم،ماجد ظہوراورکرن ڈار کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ،ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان ،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر اسلام ظفر، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر معاذ احمد،ماہر وبائی امراض پروفیسر فرخندہ کوکب،ماہر حشرات پروفیسر وسیم اکرم،تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران،واسا،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،پاکستان ریلوے،سوئی نادرن،محکمہ موسمیات،کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ لاہور اور شیخوپورہ نے اپنے اپنے اضلاع میں انسداد ڈینگی کے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر اسلام ظفر نے پورے صوبے میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں رواں سال اب تک ڈینگی کا صرف ایک کنفرم مریض رپورٹ ہوا ہے جس کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔اجلاس میں محکمہ اطلاعات،اوقاف،ہائر ایجوکیشن، سکول ایجوکیشن، کواپریٹو،ماحولیات،زراعت،لیبر،سوشل ویلفیئر،واسا،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پاکستان ریلویز،سوئی نادرن گیس کمپنی،انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ، پی آئی ٹی بی،پولیس، ماہی پروری،لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران نے ڈینگی کی روک تھام کے لئے انڈور سرویلنس کے علاوہ قبرستانوں،کباڑخانوں،تعمیراتی جگہوں،ٹائرشاپس،نرسریز اور دیگر جگہوں پر ڈینگی سرویلنس بارے کئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

سکولوں،کالجوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے زیرو پیریڈکے سیمینارز اور واکس کا سلسلہ جاری ہے اور اوقاف کی مساجد، مزارات پر آنے والوں میں بھی علمائے کرام ڈینگی بارے آگاہی فراہم کررہے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ڈینگی کی روک تھام میں زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور اس سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کی اصل تصویرکابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کریں۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ سرکاری محکموں کی جانب سے مقرر کردہ فوکل پرسن کو ہی ڈینگی اجلاس میں شرکت کے لئے بھیجا جائے تاکہ متعلقہ آفیسر پوری صورتحال سے اچھی طرح باخبر ہو اور اجلاس کو بھی صحیح طور پر بریف کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف ذاتی طور پر انسدادڈینگی کی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں اور ان کی ہدایت ہے کہ صوبے میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے ایسے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ ڈینگی کا مرض سر نہ اٹھا سکے۔

متعلقہ عنوان :