شہر کی تعمیر و ترقی ،خوبصورت بنانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کی خدمات حاصل کی جائیں گی ،ڈی سی او ساہیوال

جمعہ 15 مئی 2015 20:12

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر ساہیوال آصف اقبال چوہدری نے کہاہے کہ شہر کی تعمیر و ترقی اور اسے خوبصورت بنانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سہولتیں میسر ہو سکیں اور اس سلسلہ میں صحافی برادری کا کردار انتہائی اہم ہے انہیں چاہئے کہ وہ درپیش مسائل کی ایمانداری اور سچائی کی نشاندہی کریں تاکہ انہیں حل کیاجاسکے ۔

وہ یہاں ساہیوال پریس کلب کے دورہ کے موقع پر ممبران و دیگر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کر رہے تھے ۔ اس موقع پرچئیر مین پریس کلب عزیز الحق گورائیہ،نوید غنی چوہدری ، رشداکمل، حاجی اسماعیل ،الطاف الرحمن ودیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے گراؤنڈ ز کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹرف کو بچھایاجائے گا جس کے لئے ساہیوال چیمبر کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عام آدمی کو ریلیف دینا اوران کے جائز کاموں کو فوری حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائے گا ۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ مثبت صحافت کو فروغ دیں اور عوامی مسائل کی نشاندہی کو اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ حق سچ کا پرچم بلند کریں ۔ انہوں نے پریس کلب کے مختلف حصے دیکھے اور صحافیوں کی سہولت کیلئے کلب میں کنٹین کے قیام اور لینڈ سکیپنگ کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :