نیشنل بینک او رحبیب بینک نے گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے لئے 84ارب روپے کی انڈر رائٹنگ دی ہے‘شہبازشریف ،پاکستانی سرمایہ کار ملک میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں اور 18کروڑ عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے ا پنا بھر پور کردار ادا کریں،پاکستان کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے ججز ،جنرلز، سیاستدان ، بیوروکریٹس اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرناہے،گزشتہ برس کے دھرنوں او راحتجاجی سیاست نے بھی ملک کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا، توانائی سمیت ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے،ہمیں اب ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے ،ہمیں اجتماعی کاوشوں سے تاریخ کا دھارا موڑناہے ،وزیراعلیٰ کا انویسٹرز کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 16 مئی 2015 00:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ الله تعالی نے پاکستان کوقابل اذہان ، بینکرز ، انجینئرز ، ڈاکٹرز ، انٹر پنورز اور دیگرشعبوں میں با صلاحیت شخصیات دی ہیں،ملک زرخیز زمین ، آبی وسائل اور قدرتی دولت سے مالا مال ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو بھرپو رطریقے سے استعمال میں لایا جائے،پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،پاکستان میں بے پناہ مواقع موجود ہیں - محنت اور دیانت سے چیلنجز کو مواقع میں بدلنا ہے -پاکستانی سرمایہ کار ملک میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں اور 18کروڑ عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے ا پنا بھر پور کردار ادا کریں-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالا ت کا اظہار یہاں ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام انویسٹر ز لیڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا-پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین عبدالباسط ، سی ای او الیاس غوری، ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او مائیکل فولے اور معروف صنعتکار میاں منشا نے بھی تقریب سے خطاب کیا -وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان ایٹمی قوت بنااور آج پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہے -مقام افسوس ہے کہ ایک طرف ایٹمی قوت اور دوسری طرف کشکو ل گدائی ہے - ٹیکس بیس بڑھانے کی بہت گنجائش ہے لیکن جمع شدہ ٹیکس کا درست اور شفاف استعمال بھی وقت کی ضرورت ہے - انہوں نے کہاکہ ہمیں محنت، سائنسی تحقیق اور انتھک کاوشوں سے اپنے عوام کے لئے وسائل پیدا کرنا ہے-پاکستان کو مشکل حالات سے نکالنے کے لئے ججز ،جنرلز، سیاستدان ، بیوروکریٹس اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرناہے - دہشت گردی نے قومی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، 50ہزار پاکستانی اس جنگ میں اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں - پاک افواج بہادری سے دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکارہے- انشاء الله پاکستان دہشت گردی کی عفریت سے نجات حاصل کرے گا اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا-انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس کے دھرنوں او راحتجاجی سیاست نے بھی ملک کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا-دھرنے کی سیاست سے توانائی سمیت ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے -ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھناہے-پاکستان کو سیاسی ،معاشی او رسماجی بقا کا مسئلہ درپیش ہے، ہمیں اجتماعی کاوشوں سے تاریخ کا دھارا موڑناہے - موجودہ حکومت نے گڈ گورننس ، شفافیت اور معیاری ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کا کلچر متعارف کرایاہے -انہوں نے کہاکہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے- چین نے پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پیکیج دیاہے -توانائی کے تمام منصوبوں میں چین کے سرمایہ کار سرمایہ کاری کر رہے ہیں - حکومت کا کام سرمایہ کاری کرنا نہیں ہوتا بلکہ سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول اوربہترین سہولتیں فراہم کرناہے لیکن اس کے باوجود پنجا ب حکومت نے اپنے وسائل سے قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ کا سولر منصوبہ مکمل کیاہے - پنجاب حکومت سے گیس سے 1200میگاواٹ کا بجلی کا کارخانہ بھی لگا رہی ہے- پاکستان کے بینکرز ،سرمایہ کار او ربزنس کمیونٹی ملک کے سفیر ہیں انہیں پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنی چاہیے-انہوں نے کہاکہ پاور سیکٹر ہماری بقا او رمعیشت کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے -حکومت توانائی بحران کے خاتمے کے لئے سنجیدہ کاوشیں کر رہی ہے- ملک بھر میں اربوں ڈالر کے توانائی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے -ہمیں محنت، امانت ،دیانت کے سنہری اصول اپنا کر تاریخ کا دھارا بدلناہے-نیشنل بینک او رحبیب بینک نے گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے لئے 84ارب روپے کی انڈر رائٹنگ دی ہے - دوسرے بینکوں او رسرمایہ کارو ں کو بھی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کار ی کے لئے آگے آنا چاہیے- صوبائی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، پاکستان میں اٹلی کے سفیر اور صنعتکاروں ،سرمایہ کاروں او رسرمایہ کارکمپنیوں کے نمائندے اور پنجاب کے ا علیٰ حکام کانفرنس میں شریک تھے-

متعلقہ عنوان :