نواں کلی میں بجلی کی طویل اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے ،ڈاکٹر جوزف جان

ہفتہ 16 مئی 2015 18:02

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی آرگنائزر اور اقلیتی رہنماء ڈاکٹر جوزف جان نے گزشتہ روز نواں کلی میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ نواں کلی میں بجلی کی طویل اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے چونکہ علاقہ پہلے ہی انتہائی پسماندگی کا شکار ہونے کیساتھ ساتھ ایک دیہات کا منظر پیش کرتا ہے جہاں رہی سہی کسر واپڈا کی ناروا لوڈ شیڈنگ نے پوری کردی ہے انہوں نے کہاکہ گھنٹوں گھنٹوں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے جہاں کاروبار زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے وہیں علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترسنے پر مجبور ہوچکے ہیں اور ٹینکر مافیا کے ہاتھوں مہنگے داموں پانی خریدنے کے باعث لٹنے پر مجبور ہیں اس موقع پر چوہدری نثار جمیل شوکت داس الیاس کھوکھر اور بلاول سلیم بھی موجود تھے انہوں نے بیان میں نواں کلی کے مین روڈ کی خستہ حالی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کئی سالوں سے غریب اور مجبور لوگ اس ٹوٹے پھوٹے روڈ پر سفر کرنے پر مجبور ہیں جہاں صبح کے اوقات کار میں سرکاری ملازمین اور سکولوں کے بچوں کو روڈ کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے وہیں ایمرجنسی میں مریضوں کو ہسپتالوں تک پہنچانا انتہائی مشکل ہوتا ہے انہوں نے اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ نواں کلی کوئٹہ میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیں اور ساتھ ساتھ ہی نواں کلی کے مین روڈ کی خستہ کا نوٹس لیتے ہوئے بھی اسے بنانیوالے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کی زندگیوں میں کوئی آسانی پیدا ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :