اسلام امن وسلامتی کاسرچشمہ اورانسانوں کے مابین محبت وخیرسگالی کو فروغ دینے والا مذہب ہے، امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد

ہفتہ 16 مئی 2015 18:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 مئی۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اسلام امن وسلامتی کاسرچشمہ اورانسانوں کے مابین محبت وخیرسگالی کو فروغ دینے والا مذہب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی رہائش گاہ پرزون151کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں جماعت اسلامی کے نائب امراء ذکراﷲ مجاہد، خلیق احمد بٹ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور محمد عمیرخان ،ڈپٹی سیکرٹری عبدالعزیز عابد،صدر علاقہ ملک شاہد اسلم ،پی پی امیرمحمد اسلم شاہین ، چوہدری محمود الاحد ، اور احمد سلمان بلوچ نے شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی اورتشدد کرنے والوں کا اسلام سے تعلق نہیں ، تشدد اوراسلام میں آگ پانی جیسا بیر ہے۔

(جاری ہے)

جہاں تشدد ہو وہاں اسلام کاتصور ہی نہیں کیاجاسکتا،اسی طرح جہاں اسلام ہو وہاں تشدد کی ہلکی پرچھائیں بھی نہیں پڑسکتیں۔انھوں نے کہا کہ آج مغربی میڈیا اسلام اور مسلمانوں کے خلاف یہ الزام لگارہا ہے کہ مسلمان پوری دنیا میں اپنی دہشت گردی کے ذریعے اسلام پھیلانا چاہتے ہیں۔ حالانکہ اسلام میں صرف مسلم معاشرے کے اندر کسی بھی اختلاف کو ختم کرنے کے سلسلے میں تشدد سے کنارہ کشی کا حکم نہیں دیاگیا بلکہ بین الاقوامی سطح یا ایک خطے یا سرزمین پر رہنے والے مختلف مذاہب کے لوگوں کے ساتھ بھی اعلیٰ درجے کے حسن اخلاق کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسلامی تاریخ ، روایات اور مزاج اس بات کے گواہ ہیں کہ اس نے کبھی دہشت گردی اورتشدد کی اجازت نہیں دی ہے۔ دنیا میں جو اس نے عظیم انقلاب برپا کیا وہ اپنے اخلاق حسنہ کے زور پر کیا، جسے ہم صالح اور پرامن انقلاب کا نام دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :