سرینگر میں پاکستانی پرچم لہرانے کی سزا کراچی میں اسماعیلی کمیونٹی کو دی گئی، چوہدری محمد برجیس طاہر

بھارتی دہشتگرد تنظیم پاکستان میں دہشتگردی کے حملوں میں ملوث ہے،چین کیساتھ اقتصادی معاہدوں سے اس کی نیندیں اڑ گئی ہیں تعلیم اور صحت کے شعبہ میں آغا خان خاندان کی خدمات مثالی ہیں، گورنر گلگت بلتستان

پیر 18 مئی 2015 17:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان /وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنسی ”را“ پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے اور کراچی میں بھی سانحہ صفورا میں بدنام زمانہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت ملے ہیں۔چین کے ساتھ تاریخی معاشی معاہدوں کے بعد بھارت سے پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔

سری نگر میں کشمیریوں کی جانب سے پاکستانی پرچم لہرائے جانے کی سزا کراچی کی اسماعیلی کمیونٹی کو دی گئی۔ پاکستان کا خوف بھارت کے دل پر اس طرح حاوی ہوچکا ہے کہ اس کی راتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اسماعیلی کمیونٹی کے رہنمااقبال والجی سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

گورنر/ وفاقی وزیر نے اقبال والجی سے ان کی رہائش گاہ بمقام سرینا کمپلیکس میں ملاقات کی اور اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ ہونے والی بربریت کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسماعیلی کمیونٹی نہ صرف کراچی بلکہ گلگت بلتستان اور پورے ملک کی ترقی میں اہم خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ تعلیم اور صحت میں آغا خان اور ان کے خاندان کی خدمات مثالی ہیں جو ملک دشمن عناصر سے دیکھی نہیں جاتیں۔ انہوں نے کہا کہ بربریت کے واقعہ میں ملوث چہرے جلد بے نقاب ہوں گے اور اسماعیلی مسلمانوں کو انصاف ملے گا۔

وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر کرمانی نے کہا کہ دکھ کی اس گھری میں حکومت اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ اسی طرح شانہ بشانہ کھڑی ہے جس طرح صحت اور تعلیم کے فروغ کے لیے آغا خان نے حکومت کا ساتھ دیا۔ وفاقی وزیر اور ڈاکٹر کرمانی نے اس موقع پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا اور ہر طرح کا تعاون بڑھانے کا وعدہ بھی کیا۔ انہوں نے شہداء کی اخروی زندگی اور ابدی سکون کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اقبال والجی نے اس موقع پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اورآزمائش کی گھڑی میں دکھ بانٹنے پر وزیراعظم پاکستان کیلئے شکریے کا پیغام بھیجا۔