اقتصادی لحاظ سے محروم طبقات کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صحت کے شعبہ میں برابری کی ضرورت ہے ، ہیلتھ انشورنس پالیسی،یونیورسل ہیلتھ کو ریج کے ہدف کو پورا کرنے کے سلسلے میں بڑا اہم اقدام ہے

وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا وزرائے صحت کے اجلاس سے خطاب

پیر 18 مئی 2015 17:23

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ ۔2015ء )وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے اقتصادی لحاظ سے محروم طبقات کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے صحت کے شعبہ میں برابری کی ضرورت پر زور دیا۔ وہ پیر کو ورلڈ ہیلتھ اسمبلی جنیوا مشرقی بحیرہ روم میں وزرائے صحت کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں ۔انہوں نے پاکستان میں غریبوں اور اقتصادی لحاظ سے محروم طبقات کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستان میں حال ہی میں متعارف کروائے گئے نیشنل ہیلتھ انشورنس ماڈل پر تبادلہ خیال کیا۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس پالیسی،یونیورسل ہیلتھ کو ریج کے ہدف کو پورا کرنے کے سلسلے میں بڑا اہم اقدام ہے کیونکہ اس کے ذریعہ غریبوں کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جو مالی مجبوریوں کی وجہ سے معیاری سہولیات تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے تھے۔ وزیر صحت نے نیشنل ہیلتھ پالیسی کے دائرہ کار کے بارے میں بھی بتایا جو کہ صوبوں کی شراکت داری سے بنائی جا رہی ہے اور اس میں تمام گنجائشوں اور صلاحیتوں کو برؤے کار لاتے ہوئے صحت عامہ کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کے لیے موثر اقدامات کئے ہیں اور پولیو کے قطروں تک رسائی اور عدم سیکورٹی جیسے تمام مسائل موثر طور پر حل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں کے اتفاق رائے سے زچہ و بچہ کی صحت عامہ پر دس سالہ لائحہ عمل دیا گیا ہے۔