سول ہسپتال کراچی میں خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا ٹراما سینٹر 4 جون سے قبل مکمل کرلیا جائے،صوبائی وزیر صحت

پیر 18 مئی 2015 17:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ سول ہسپتال کراچی میں خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا ٹراما سینٹر 4 جون سے قبل مکمل کرلیا جائے ۔ ٹراما سینٹر کی تعمیر سے نہ صرف کراچی بلکہ سندھ کے دیگر شہروں کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سول ہسپتال کراچی کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے آتشزدگی سے متاثرہ ایمرجنسی سینٹر کا بھی دورہ کیا اور اس کی جلد سے جلد دوبارہ تعمیر کی ہدایات جاری کیں ۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے ٹراما سینٹر کی تعمیر میں تاخیر پر اپنی ناراضگی کااظہار کیا ۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے سول ہسپتال کراچی میں او ٹی کمپلیکس میں ریڈی ایشن کے خطرات اور اس سے بچاؤ کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طبی مقاصد کے ریڈی ایشن کے مضمرات سے طبی عملے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کے لئے بھی آگاہی بہت ضروری ہے اس سلسلے میں کراچی سول ہسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے تحت نیو کلیز سیفٹی اینڈ ریڈی ایشن پروٹیکشن کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اس کمیٹی کے قیام کا مقصد ملازمین اور کارکنوں میں اس بات کا شعور اجاگر کرنا ہے کہ وہ عالمی معیارات کی پابندی کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری و نجی ہسپتالوں کو طبی مقاصد کے لئے ریڈی ایشن کا استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتنی چاہیے ۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر سعید قریشی ‘ پروفیسر خالدہ سومرو اور پروفیسر صبا سہیل نے بھی سیمینار سے خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :