عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولیات دستیاب نہیں، مراعات یافتہ طبقہ پر قومی دولت دونوں ہاتھوں سے لٹا رہاہے،ظفرحسین ایڈووکیٹ

پیر 18 مئی 2015 18:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایک طرف ملک کے کروڑوں عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولتیں دستیاب نہیں، مائیں بچوں سمیت نہروں میں کود کر خود کشیوں کر رہی ہیں تو دوسری طرف حکمران پہلے سے مراعات یافتہ طبقہ پر قومی دولت دونوں ہاتھوں سے لٹا کر عوام کو مزید ظلم کی چکی میں پیس رہے ہیں ،وزیر اعظم کی طرف سے بائیس گریڈ کے افسران اور اعلیٰ عدلیہ کی ججوں کو پلاٹ دینے کے اعلان اٹھارہ کروڑعوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے ،ظلم کے اس نظام کو اب مزید نہیں چلنے دیا جائے گا،لاہور میں قابل احترام اساتذہ پر تشدد اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں زونل امرا ،جنرل سیکرٹریز اور برادر تنظیمات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری غلام عباس خان،نائب امرا رائے اکرم کھرل ،رانا عبد الوحید اور دیگر ضلعی ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ سردار ظفر حسین خان نے کہا کہ رابطہ عوام مہم کی بھر پور عوامی مقبولیت ثابت ہوا ہے کہ عوام ملک میں مثبت تبدیلی کے خواہش مند ہیں، جماعت اسلامی عوام کو مایوس نہیں کرے گی ، کارکن ہر گھر تک جائیں گے اور بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کا بھر پور مقابلہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کے نشہ میں بوکھلائے ہوئے حکمران اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ، پنجاب حکومت نے معزز اساتذہ کوتھانوں میں بندکرکے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہسائی کرائی ہے۔اساتذہ کو مجرموں کے لیے بنائے گئے حوالات میں بندکرناقابل مذمت ہے ۔استاد کسی بھی قوم کے معمار ہوتے ہیں ۔ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ زرداری ٹولہ اتنی بدنامی پانچ سال میں نہیں سمیٹ سکا جتنی موجودہ حکومت نے دو سال میں سمیٹ لی ہے۔

جن لوگوں نے حکمرانوں کو جھولیاں بھر بھر کر ووٹ دیے وہ ابھی انہیں جھولیاں اٹھا اٹھا کر بدعائیں دیتے نظر آتے ہیں ۔ دونوں ہاتھوں سے قومی دولت کو لوٹنے میں مصروف حکمرانوں کو عوام کے مفادات کا کوئی خیال نہیں، موجودہ حکومتی ٹولہ وطن عزیز کوبحرانی کیفیت سے نکالنے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکا ہے۔ ملک کو لوٹنے والے وطن عزیز کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے۔ مسائل اور بحرانوں سے نکالنے کیلئے جماعت اسلامی جیسی منظم جماعت اور امانت دار قیادت کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :