غریب عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں، ممنون حسین

عوام کی بڑی تعداد انتہائی غریب ہے معاشرے کے ان طبقات کی بہبود کیلئے ترجیحا کام کرنا چاہئے انصاف کی فراہمی کا عمل آسان ،سستا بنانے کیساتھ دیہی علاقوں کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے ،حکومتی ایجنڈے میں انصاف کی فراہمی سر فہرست ہے، صدر مملکت کا وفاقی محتسب کی مشاورتی کمیٹی کے ارکان سے خطاب

پیر 18 مئی 2015 19:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی اور صوبائی محتسب کے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ غریب عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں، عوام کی بڑی تعداد انتہائی غریب ہے اور ہمیں معاشرے کے ان ہی طبقات کی بہبود کیلئے ترجیحا کام کرنا چاہیے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے یہ بات وفاقی محتسب کی وفاقی مشاورتی کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ایوان صدر اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے عوامی مسائل اور شکایات کی بڑی تعداد کو تیز رفتاری سے نمٹانے پر وفاقی محتسب اور ان کے ادارے کی کردار کی تعریف کی اور کہا کہ عوام کی خدمت ایک نیک کام ہے جسے عبادت سمجھ کر کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کا عمل آسان اور سستا بنانے کیساتھ دیہی علاقوں کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ عوامی مسائل کی اکثریت کا تعلق دیہی علاقے سے ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مشاورتی کمیٹی کو دیہی علاقوں کی شکایات کے ازالے کیلئے تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ محتسب کے ادارے کو چاہیے کہ وہ عوامی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو عام کرنے کیلئے ذرائع ابلاغ کا سہارا لیں تاکہ عوام جان سکیں کہ انہیں اپنے مسائل کے حل کیلئے کیا طریقے اختیار کرنے چاہئیں۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ محتسب کے ادارے فوری اور مفت انصاف کی فراہمی کو مزید سہل بنانے میں اپنا کردار ادا کرینگے تاکہ عام پاکستانیوں کو بلا رکاوٹ فوری انصاف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں انصاف کی فراہمی سر فہرست ہے۔ انہوں نے کمیٹی کے ممبران اور محتسب صاحبان پر زور دیا کہ دہ اپنے ملک کے لاکھوں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جذبے اور لگن کیساتھ کام کریں اور فیڈرل ایڈوائزری کمیٹی جس نیک مقصد کیلئے بنائی گئی ہے ‘اس پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں۔صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ محتسب کا ادارہ تعلیمی اداروں کی خرابیوں کے خاتمے اور ان کے مسائل کے حل کا ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔

انھوں نے اس سلسلے میں تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر وفاقی محتسب سلمان فاروقی، بیرسٹر وسیم سجاد، چیئرمین سوئی نادرن گیس پائپ لائنز سعید مہدی، انجینئر شمس الملک، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ا?ف رورل سپورٹ پروگرام شعیب سلطان اور صوبائی محتسب نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔