وزیر مملکت برائے قومی صحت کی لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کو مزید بہتر بنانے کیلئے عالمی ادارہ صحت سے تعاون کی درخواست

پیر 18 مئی 2015 20:48

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء ) وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کو مزید بہتر بنانے اور اس کے دائرہ کار میں اضافہ کیلئے عالمی ادارہ صحت سے تعاون کی درخواست کردی ۔ وزیر صحت سائرہ افضل تارڑنے عالمی ادارہ صحت کے زچہ بچہ کی صحت کے شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر فلیویا بوسٹریو ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے دوران ملاقات کی۔

وزیر نے پروگرام سے مکمل طورپر استفادہ کو یقینی بنانے کے نکتہ نظر سے لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کے آزادانہ جائزہ کیلئے عالمی ادارہ صحت سے معاونت طلب کی ۔ وزیر نے کہا کہ پروگرام کی ایک لاکھ افراد ی قوت پرنیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیلئے بڑی اہم ہے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بچوں کو معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات لگانے میں موثر طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے جوکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کی کوریج کیلئے بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

سائرہ افضل تارڑ نے بتایا کہ پاکستان نے زچہ بچہ کی صحت کیلئے حال ہی میں 10سالہ لائحہ عمل دیا ہے جس سے تمام صوبے بھی متفق ہیں۔ انہوں نے عالمی ادارہ صحت سے زچہ بچہ کی صحت کے لائحہ عمل کے جائزہ اور ٹیکنیکل فیڈبیک فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔عالمی ادارہ صحت کی زچہ بچہ شعبہ کیلئے سربراہ نے زچہ بچہ کی صحت میں بہتری کیلئے حکومت پاکستان کے سیاسی عزم کو سراہا اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون اور معاونت کی فراہمی کا وعدہ کیا