کینسر کی تشخیص، آپ کے سمارٹ فون سے بھی ممکن

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی منگل 19 مئی 2015 16:34

کینسر کی تشخیص، آپ کے سمارٹ فون سے بھی ممکن

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مئی2015ء)ایک ماں نے اپنے 20 ماہ کے بچے کی تصویر کھینچی، آنکھوں میں سفید نشان دیکھا، ڈاکٹر کو دکھایا تو کینسر تشخیص ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سٹیسی سودرلینڈ نے اپنے آئی فون 6 سے اپنے بیٹے زیک کی تصویر بنائی۔ تصویر میں اسے بیٹے کی بائیں آنکھ میں سفیدی نظر آئی۔ ٹائن اینڈ ویر،ہوٹن لی سپرنگ سے تعلق رکھنے والی سٹیسی پہلے ہی اپنے بیٹے کی آنکھوں میں بھینگا پن محسوس کر رہی تھی۔

سٹیسی نے فوراً ہی آنکھوں کے ڈاکٹر سے ٹائم لیا اور بیٹے کو چیک کرایا۔ ڈاکٹر نے چیک کرنے کے بعد بتایا کہ زیک کی آنکھ میں کینسر ہے۔ریٹینوبلاسٹوما کینسر کی وہ قسم ہے جو بہت ہی کم لوگوں کو ہوتی ہے۔ آنکھ کے اس کینسر کا نشانہ زیادہ تر وہ بچے بنتے ہیں جن کی عمر 5 سال سے کم ہو۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں ہرسال 50 بچوں میں آنکھ کا یہ کینسر تشخیص ہوتا ہے ۔98 فیصد بچوں کا علاج کامیابی کے ساتھ ہو جاتا ہے مگر کچھ کیس ایسے بھی ہیں جہاں مریض کی زندگی بچانے کے لیے اس کی آنکھ ہی نکالنی پڑتی ہے۔

زیک کا علاج بھی ہو رہا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جلدی تشخیص کی وجہ سے اس کا علاج بھی کامیاب ہو جائے گا۔ سٹیسی نے دوسرے والدین کو بھی کہا ہے اپنے بچوں میں اس طرح کے غیر معمولی نشان دیکھیں تو ضرور ڈاکٹروں کو دکھائیں۔ سٹیسی کے مطابق 15 ڈگری سے بنائی گئی فوٹو میں آنکھوں کی رگیں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔یہ اگر سفید نظر آئیں تو فکر کی بات ہوتی ہے۔

ریٹینوبلاسٹوما کینسر سے آگاہی کے لیے ایک چھوٹا کا کلپ بھی بنایا گیا ہے، جس میں سٹیسی اور زیک کے کیس کو سامنے رکھا گیا ہے۔ اس میں دکھایا گیا ہےکہ کس طرح والدین ذرا سی توجہ سے بچوں کو بڑی بیماری سے بچا سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ریٹینوبلاسٹوما کینسر 100 فیصد قابل علاج کینسر ہے ، مگرصرف اس صورت میں جب اس کی وقت پر تشخیص ہو جائے۔