نرسز ہیلتھ کیئرسسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں‘نرسنگ سکولوں کو کالجز کا درجہ دیا جائے گا‘ خواجہ سلمان رفیق

حکومت نے سالہا سال سے ترقی کی منتظر نرسز کو پرموٹ کیا، ہزاروں نئی آسامیاں پیدا کیں‘ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت

منگل 19 مئی 2015 17:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 مئی۔2015ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ نرسز ہیلتھ کیئر سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور نرسز کے بغیر ہیلتھ کیئر ڈلیوری کا تصور بھی ناممکن ہے،حکومت نے صحت کے شعبے کی ترقی کے لئے تاریخی اصلاحات کی ہیں تاہم یہ سفر ابھی نامکمل ہے اور مزید بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

انہوں نے یہ بات ورلڈ نرسنگ ڈے کے موقع پر شیخ زید ہسپتال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت نے بیس بیس سال سے ترقی کی منتظر نرسوں کو اگلے گریڈوں میں ترقی دی، ہزاروں نرسوں کو ریگولر کیا اور نرسز کی ہزاروں نئی آسامیاں پیدا کی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن سے چند ہفتے قبل 1450 چارج نرسز منتخب ہو کر آئی ہیں جن کی پوسٹنگ کی جارہی ہے جبکہ مزید ایک ہزار نرسز کی ریکوزیشن پنجاب پبلک سروس کمیشن کو بھجوائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریضو کی خدمت، دیکھ بھال اور تیمارداری انتہائی مقدس فریضہ ہے جو نرسز سرانجام دیتی ہیں ۔معاشرے کو نرسز کو وہ مقام اور عزت دینی چاہیے جو ان کا حق ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ آہستہ آہستہ معاشرے میں تبدیلی آرہی ہے اور اب لوگ نرسز کے مقدس پیشہ کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں تاہم نرسز کو بھی اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ مریضوں کو ان کے بارے میں شکایات پیدا نہ ہوں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبے میں نرسنگ سکولوں کو مرحلہ وار کالجوں کا درجہ دیا جائے گا اور ان کی اعلی تعلیم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نرسز کو ایڈوانس کورسز اور کپسٹی بلڈنگ کے لئے بیرون ملک بھی تعلیم و تربیت کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہم خوابوں میں رہنے والے لوگ نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملی طور پر کام کرنے والے لوگ ہیں۔

پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے بہت سے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں تاہم ابھی مزید کام کرنے کی ضروررت ہے جس کے لئے دن رات کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ماں بچہ کی صحت بہتر بنانے اور شرح اموات کو کنٹرول کرنے کے لئے اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں جس کے تحت صوبے کے 700بنیادی مراکز صحت کو جون تک 24گھنٹے فنکشل کردیا جائے گا اور حاملہ خواتین کے چیک اپ کے علاوہ 24/7 کے تحت 24گھنٹے ڈلیوری کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں صوبے کے 66فیصد بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز تعینات کرکے انہیں آباد کردیا گیا ہے جبکہ باقی 34فیصدs BHUکو فعال کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت ڈاکٹروں اور نرسز کی آواز ہے اور سرکاری افسران اور وزیر،مشیر عوام کے سہولت کار ہیں ۔خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ حکومت نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کو بھی 4درجاتی سروس سٹرکچر دیا ہے۔قبل ازیں نرسز نے مختلف ٹیبلو اور خاکے پیش کئے اور نرسز کے پیشہ کے تقدس اور اہمیت کو اجاگر کیا ۔اس موقع پر انہوں نے مریضوں کی دیکھ بھال اور اپنے فرائض پوری دیانتداری اور پیشہ وارنہ لگن کے ساتھ سرانجام دینے کا حلف بھی اٹھایا۔

متعلقہ عنوان :