حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم ،2 لاکھ15ہزار913بچوں کو قطرے پلائے گئے

منگل 19 مئی 2015 20:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 مئی۔2015ء) حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم میں رہ جانے والے بچوں پر توجہ دی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی کی آٹھ حساس یونین کونسلوں میں شر وع کی جانے والی مہم کے حالیہ راؤنڈ میں دو لاکھ 15 ہزار913بچوں کو قطرے پلائے گئے ہیں ۔ مہم کا حالیہ راؤنڈ ایک ہفتہ کے لئے11مئی کو شروع ہوا تھا۔

جس کا ٹارگٹ دو لاکھ26 ہزار367 مقر ر کیا گیا تھا ۔ حالیہ راؤنڈ میں مہم کی کر کردگی اور بچوں کو قطرے پلانے کی مہم کی تفصیلات کے با رے میں رپورٹ کمشنر کو پیش کر دی ہے۔ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی زیرکی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں مہم کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ حالیہ انسداد پولیو مہم میں 95 فیصد ٹارگٹ مکمل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر محکمہ صحت عالمی ادارہ صحت او ر یونیسف کے تعاون سے کراچی کی ان گیارہ حساس یونین کونسلوں میں مہم شروع کی گئی تھی،جہا ں پولیو کے کیسز پائے گئے تھے ،تاہم تین یونین کونسلوں کو حال ہی میں تیار ہو نے والی اینوا ئرنمنٹل رپورٹ میں پولیو سے محفو ظ قرار دے دیا گیا ہے اور اب صرف آٹھ یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ان یونین کونسلوں میں ،مسلم آباد، گجرو ، اسلامیہ کالونی، مظفرآباد، منگھوپیر ، اتحاد ٹاؤن، چشتی نگر او ر سونگل شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے عالمی ادارہ صحت اور ٹاؤن ہیلتھ افسران سے کہا کہ ہر بچہ کو پولیو کے قطرے پلانے تک مہم جا ری رکھی جائے۔کمشنر نے کہا کہ جو بچے رہ گئے ہیں انھیں قطرے پلانے کے لئے کمیونٹی کا تعاون مضبوط بنا یا جا ئے اور ان کی شر کت اور ہم آہنگی سے کام کیا جا ئے۔انھو ں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس بات کی جدوجہد کر رہے ہیں کہ اس ملک سے پولیو کا خاتمہ ہو ہمارے بچے پولیو سے محفوظ رہیں اور انھیں صحت مند زندگی میسر آئے۔حساس علاقوں میں شروع کی جانے والی انسداد پولیو مہم سے ان مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :