ہسپتالوں کے مضر صحت کچرے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے پروجیکٹ میں چائنیز ماہرین نے دلچسپی کا اظہارکیا ہے، ایم ڈی روشن علی شیخ

بدھ 20 مئی 2015 20:07

کراچی ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء) چینی ماہرین پر مشتمل ایک پانچ رکنی وفد نے ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ روشن علی شیخ سے ملاقات کی۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ہسپتالوں کے مضر صحت کچرے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے پروجیکٹ میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں چائنیز ماہرین Li Jiw Hong اور Jiao Zhixing جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن کراچی اے ڈی سنجنانی اور ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ محمد شبیہ صدیقی موجود تھے۔

روشن علی شیخ نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تمام گھروں سے ڈور ٹو ڈور کچرا اٹھانے کا نظام قائم کیا جائے گا جسے نزدیک ترین گاربیج ٹرانسفر ایشن میں محفوظ طریقے سے منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کراچی میں جدید سائنسی طریقہ کار پر کچرے کا ایک مربوط نظام متعارف کرا رہا ہے جس میں کچرے کو صحت کے بین الاقوامی اصولوں کے مطابق پروسس کیاجائے گا اور کچرے کو زیادہ سے زیادہ ری سائیکلینگ کرکے اس سے قیمتی اشیاء علیحدہ کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں روزانہ 11 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے۔ اس موقع پر کچرے سے بجلی پیدا کرنے کے پاور پلانٹ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔