عوام ظالم طبقات اورکرپٹ مافیاز کو ووٹ نہ دیں،شمس الرحمان سواتی

حقیقی اور پائیدار تبدیلی کے لئے تھانہ اور پٹوار کلچر کا خاتمہ ضروری ہے، امیر جماعت اسلامی راولپنڈی

بدھ 20 مئی 2015 22:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ عوام ظالم طبقات اورکرپٹ مافیاز کو ووٹ نہ دیں، حقیقی اور پائیدار تبدیلی کے لئے تھانہ اور پٹوار کلچر کا خاتمہ ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹیکسلا میں کینٹ بورڈ انتخابات کے حوالے سے کار کنا ن کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سابق امیدواران کینٹ بورڈ ٹیکسلا تنزیل مدثر اور چوہدری زاہد کے علاوہ جماعت اسلامی کے رہنما مولانا غلام سرور اور شباب ملی کے صدر عتیق الرحمان کاشمیری نے بھی اظہار خیال کیا۔ شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ عوام اب پیشہ ور بہروپیوں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔آئندہ وہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ظالموں سے حساب لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔ لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں ٗ جبکہ کروڑوں روزگار اور علاج کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ملک کا سارا بجٹ امیروں اور وی وی آ پی کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ باریاں بدلنے والوں نے ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ہاں گروی رکھ دیا ہے۔قرضے اتار نے کے لئے بھی قرضے لے لے کرآنے والی نسلوں کو بھی مقروض بنا دیا ہے۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ ان شا اﷲ ملک میں حقیقی تبدیلی امیر جماعت اسلا می پاکستان سراج الحق کی قیادت میں ہی آئے گی۔جماعت اسلامی کو اگر موقع ملا تو یکساں اور غیر طبقاتی نظام تعلیم ٗ علاج اور عدل و انصاف سب کے لئے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :