جناح اسپتال کے مسائل حل کر نے کیلئے متعلقہ محکموں کے اشتراک عمل سے موثر کارروائی عمل میں لائیں،چیف سیکریٹری سندھ

جمعہ 22 مئی 2015 16:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ جناح اسپتال (جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر) کے مسائل حل کر نے کیلئے متعلقہ محکموں کے اشتراک عمل سے موثر کارروائی عمل میں لائیں۔ وہ جمعہ کی صبح اپنے دفتر میں JPM کی کار گزاری اور مسائل پر مربوط جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر JPMC پروفیسر انیس الدین بھٹی نے بریفنگ دی۔ سیکریٹری امپلی مینٹیشن اینڈ کوآرڈی نیشن سید طارق محمود جعفری‘ سیکریٹری سروسز جمال مصطفی سید‘ سیکریٹری انی شیٹو اعجاز احمد خان‘ سیکریٹری مالیات سہیل راجپوت‘ سیکریٹری صحت سعید احمد منگنیجو اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ JPMC کی حدود اور اطراف تجاوزات کی خاتمے کیلئے کمشنر کراچی کی خدمات حاصل کی جائیں جو اینٹی انکروچمنٹ سیل کے ذریعہ یہ مسئلہ حل کرائیں گے۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری نے سیکریٹری صحت اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ JPMC کی حدود میں واقع کالونیوں اور تجارتی مقامات پر ایک ماہ کے اندر انفرادی طور پر سب میٹر (الیکٹرک) کی تنصیب یقینی بنائی جائے اور مدت کی تکمیل پر مفصل رپورٹ پیش کی جائے۔ الاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپیشل انی شیٹو ڈپارٹمنٹ بشمول JPMC حکومت سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں فراہمی آب یقینی بنانے کیلئے 100 ملین واٹر گیلن یومیہ گنجائش کے پلانٹس کی اسکیم مرتب کرے گا جس پر جلد عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور 2015-16 کے بجٹ میں رقوم مختص کرانے کیلئے پیش رفت کی جائے گی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا سندھ سیکریٹریٹ کے امپلی مینٹیشن اینڈ کوآرڈی نیشن (SGAOCD) کے تحت سروس رولز بسلسلہ ڈیوالڈ ایمپلائز آف JPMC ودیگر متعلقہ ادارے تمام محکموں کی مشاورت سے جلد ازجلد وضع مشتہر کئے جائیں۔ چیف سیکریٹری نے سیکریٹری امپلی مینٹیشن کو ہدایت کی کہ جو محکمے اس سلسلے میں تاخیر کے مرتکب ہیں ان سے قواعد وضوابط کی رو سے وضاحت طلب کی جائے۔ چیف سیکریٹری نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں صفائی کے موثر انتظامات کی ضرورت پر زور دیا اور واضح کیا کہ صحت وصفائی کے فقدان اور حفظان صحت کے اصولوں کے انحراف کی کوئی گنجائش نہیں اس سلسلے میں کوئی غفلت نظر انداز نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :