ڈینگی وائرس سے بچنے کے لئے علماء سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار اداکرنا ہے‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

پیر 25 مئی 2015 16:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ،خزانہ و قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ ڈینگی کے تدارک کے لئے بھرپور کاوشیں کی گئیں اور ڈینگی کے خلاف جنگ ایک مسلسل عمل ہے، ڈینگی وائرس سے بچنے کے لئے علماء سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار اداکرنا ہے،علماء کرام وہ اپنے خطبات میں عوام کو گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی تلقین کریں تا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہو اور ڈینگی بخار سمیت دیگر متعددی بیماریوں سے بچا جا سکے-شالیمارٹاؤن میں عوام کے مختلف وفود اورعلماء کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خلاف حکومت پنجاب نے گزشتہ سال تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے اوراب بھی ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے صوبائی بجٹ کا ساڑھے گیارہ فیصد خرچ کررہی ہے -انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے لئے امراض کی تشخیص اور علاج کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچاؤ کی تدابیر کو یکساں اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے تاکہ لوگ کم سے کم ہسپتالوں کا رخ کریں-انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے فراہم کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھی گئی ہے جس کے لئے 60 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ امراض سے بچاؤ کے لئے حفاظتی پروگرام کے لئے حکومت نے وافر گرانٹ فراہم کی ہے اور صحت عامہ کے مختلف شعبوں میں نئے حفاظتی پروگرام بھی شروع کئے جارہے ہیں-انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں نے ڈینگی بخار کے خلاف شعور بیدار کیا اور حکومتی اقدامات کے باعث موجود ہ سیزن کے دوران ڈینگی بخار کوپھیلنے سے روک دیاجائے گاتاہم معاشرے کے تمام طبقے عوام خصوصاً محنت کشوں کوڈینگی بخار کی حفاظتی تدابیر سے آگاہ کریں-

متعلقہ عنوان :