سرکاری محکموں کی مربوط کوششوں سے پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے، سیکرٹری کوآپریٹو

پیر 25 مئی 2015 16:53

لاہور ۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں کی انتھک محنت اور مربوط کوششوں سے پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے تا ہم مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ رہنا ہو گا -انہوں نے یہ بات ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ٹی ایم اے اقبال ٹاؤن آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی موجودہ محنت موسم برسات میں ڈینگی کی افزائش کو قابو میں رکھنے میں مدد دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن بھر میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کیلئے زیادہ ٹیمیں لگا دی گئی ہیں جس سے سرویلنس میں مزید بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ DEAG کی گائیڈنس کے مطابق ڈینگی کے مشتبہ مریضو ں میں اگر 10 دن کے اندر ان کے خون کے نمونہ سے مرض کی تصدیق نہیں ہوتی تو ایسے مریضوں کو ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی فہرست میں شامل نہ رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے آؤٹ ڈوراور ان ڈور سرویلنس اور دیگر اقدامات موجودہ رفتار سے جاری رکھیں تا کہ آنے والے موسم میں ڈینگی کو قابو میں رکھاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کنٹرول کے سلسلہ میں ہم کسی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے اور اس سلسلہ میں کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :