افغانستان ،2خود کش حملے،28افراد ہلاک،بارودی سرنگیں صاف کرنے والی نجی کمپنی کے 10مغوی ملازمین رہا کردیے گئے ،بقیہ تین کی رہائی جلد متوقع، اسامہ بن لادن اور ملا عمر زندہ اور صحت مند ہیں، حزب اسلامی

پیر 10 ستمبر 2007 20:45

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2007ء) افغانستان میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والی نجی کمپنی کے 10مغوی ملازمین رہا کردیے گئے ،بقیہ تین کی رہائی جلد متوقع ہے ادھر گلبدین حکمت یار کی حزب اسلامی تنظیم کا کہنا ہے کہ اسامہ بن لادن اور ملا عمر زندہ اور صحت مند ہیں۔حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے افغانستان میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والی نجی کمپنی کے مغوی 13میں سے 10ملازمین کو رہا کردیا ہے جبکہ بقیہ تین کی رہائی بھی جلد متوقع ہے ۔

ان افراد کو گزشتہ دنوں صبح پکتیکا سے اغواء کیا گیا تھا اورطالبان نے ان کے اغواء سے لاتعلق ظاہر کی تھی ۔دوسری جانب ۔کابل میں حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار کے ترجمان محمد ہارون ذرغون نے نامعلوم مقام سے فرانسیسی خبر ایجنسی سے بات چیت میں کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتے کہ اسامہ بن لادن اور ملاعمر کہاں ہیں،تاہم اس بارے میں یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ وہ دونوں زندہ اور صحت مند ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو مطلوب دونوں اشخاص کے ساتھ کوئی ان کا کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہے ۔ہارون زرغون نے بتایا کہ دونوں رہنما پاک افغان سرحد ی علاقے میں کہیں چھپے ہوئے ہیں ۔کچھ روز قبل القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی نئی ویڈیوٹیپ منظر عام پر آئی تھی جس میں انہوں نے دنیا کو لاحق خطرات پر بات کی تھی ۔جنوبی افغانستان میں دو خودکش بم دھماکوں میں اٹھائیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔افغان حکام کا کہناہے کہ ملک کے جنوبی صوبے ہلمند میں دو خودکش بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں تیرہ پولیس اہکاروں سمیت اٹھائیس افراد ہلاک اور ساٹھ زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق ضلع گریشک میں ایک بازار میں دھماکے ہوئے جن میں ہلاک ہونے والوں میں اکثریت شہریوں کی ہے ۔