محکمہ صحت پنجاب کاہیپاٹائٹس سی بارے شعور بیدار کرنے کیلئے ہیلتھ ایجوکیشن مہم کاآغاز

جمعرات 28 مئی 2015 13:56

فیصل آباد ۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 مئی۔2015ء) محکمہ صحت پنجاب نے ہیپاٹائٹس سی کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے خصوصی ہیلتھ ایجوکیشن مہم کاآغازکردیا ہے اور کہاہے کہ مذکورہ بیماری کی ابتدائی علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر علاج کا آغازکر دیا جائے اور احتیاطی تدابیر پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے نیز انہوں نے اس ضمن میں پھیلائی جانیوالی افواہوں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معمول کے تعلقات ، ملنے جلنے ، اٹھنے بیٹھنے ، اکٹھے کھانے پینے سے ہیپاٹائٹس نہ پھیلتاہے ۔

محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس سی کے علاج کا دورانیہ عام طور پر 6 ماہ ہے لیکن مخصوص حالات میں ایک سال تک بھی ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کو چا ہیے کہ وہ نیم حکیم ، عطائی اورہومیوسے متعلق غیر مستند افراداور گھریلو ٹوٹکوں کی بجائے ماہرین علاج جگر سے رجوع کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دوران علاج شربت فولاداورآئرن کی گولیوں کے علاوہ غیر ضروری ادویات کے استعمال، ٹیکے اور ڈرپ لگوانے سے بھی گریزکیاجائے۔

انہوں نے ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کوہدایت کی کہ وہ خون کے عطیات دینے سے بھی گریز کریں۔انہوں نے بتایاکہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کے ٹیسٹوں اور علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب ہیں جہاں ماہرین طب سمیت متعلقہ عملہ مریضوں کو تمام ممکن سہولیات کی بہم رسانی کیلئے موجودہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی مریض کو علاج نہ ہونے کے بارے کسی قسم کی کوئی شکایت ہو تو وہ فوری متعلقہ مرکزصحت کے انچارج ، ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ، ڈپٹی و ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ اور ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ سے بھی رابطہ کر سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :