عوام حکمران طبقے میں بیٹھے فلور ملزمالکان کیخلاف سڑکوں پر نکل آئیں، قاضی حسین احمد،چینی مافیا کے بعد آٹا مافیا نے بھی جنم لے لیا،گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل کے باوجود لاہور سمیت دیگر شہروں میں آٹے کی عدم دستیابی حیران کن ہے، ایم ایم اے کے صدر کی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 15 ستمبر 2007 20:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے صدر اور امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ چینی مافیا کے بعد آٹا مافیا نے جنم لے لیا ہے اور حکمران طبقے میں بیٹھے فلور ملز مالکان عوام کے منہ سے آخری نوالہ تک چھین لینا چاہتے ہیں۔عوام انکے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل کے باوجود لاہور سمیت دیگر شہروں میں آٹے کی عدم دستیابی حیران کن ہے۔

پہلے روزے پر غریب لوگوں کو بلیک میں بھی آٹا دستیاب نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کے بحران کے موقع پر قیمتیں بڑھنے کے بعد وفاقی و صوبائی وزرا کی شوگر ملوں سے لاکھوں ٹن چینی برآمد ہوئی تھی اور اب بھی انہی لوگوں نے غریب عوام سے پیسہ بٹورنے کیلئے آٹے کی ذخیرہ اندوزی کر لی ہے۔قاضی حسین احمد نے کہا کہ جب تک عوام اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے سڑکوں پر نہیں آئیں گے تب تک تمام مسائل حل نہیں ہو سکیں گے۔