آؤٹ ڈور کی نسبت انڈور جگہوں پر زیادہ ڈینگی لاروا پایا جاتا ہے، مکین گھروں کی صفائی پر توجہ دیں‘ مہر اشتیاق احمد

منگل 2 جون 2015 15:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) رکن قومی اسمبلی و چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی مہراشتیاق احمد نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی ٹیموں کی رپورٹس کے مطابق آؤٹ ڈور کی نسبت ان ڈور جگہوں پرزیادہ ڈینگی لاروا پایا جا رہا ہے اس لئے گھروں کے مکین صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں اور روم کولرز کا پانی روزتبدیل کریں، پانی کی ٹینکیوں کے پاس نمی نہ ہونے دیں اور گملوں میں ضرورت سے زیادہ پانی نہ ڈالیں۔

انہوں نے یہ بات یہاں سمن آباد ٹاؤن میں انسداد ڈینگی بارے ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ٹاؤن میونسپل افسر ملک امتیاز اعوان ، ٹاؤن اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ رکن قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث ڈینگی کی افزائش کا خطرہ ہے اس لئے انسداد ڈینگی ٹیمیں اپنی کارروائیاں تیز کردیں اور گھرگھر آگہی مہم کو زیادہ موٴثر طریقے سے چلائیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی مہر اشتیاق احمد نے کہاکہ حکومت ڈینگی کے انسداد کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت شروع دن سے ہی اپنی تمام توانائیاں اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے لیکن لوگوں کا بھی فرض ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ڈینگی کے انسداد بارے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور انسداد ڈینگی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے کہاکہ سمن آباد ٹاؤن کے تمام رہائشی اور کمرشل اداروں کے مالکان اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی جگہ پانی کھڑا ہونے کی صورت میں فوراً ٹاؤن کے دفتر میں اطلاع کریں۔رکن قومی اسمبلی نے اجلاس میں موجود تمام محکموں کے افسران کو انسداد ڈینگی بارے جاری کردہ ایس او پی پر عمل کرنے اور خاص طورپر محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران بھی ٹاؤن کی حدود میں واقع سرکاری و غیرسرکاری سکولوں کو ڈینگی کے حوالے سے باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔

متعلقہ عنوان :