چوہدری شجاعت اور طارق عزیز طبی معائنے کے بعد ہسپتال سے فارغ ، اس ہفتے قوم کو خوشخبری ملنے والی ہے ، صدر مسلم لیگ (ق)

پیر 17 ستمبر 2007 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2007ء) نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری طارق عزیز اور مسلم لیگ ق کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین میڈیکل چیک اپ کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیئے گئے ، چوہدری شجاعت نے کہا کہ اسی ہفتے اہم اعلان ہونے والا ہے ، قوم کو اچھی خبر ملے گی ، ہماری کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں میں قومی اتفاق رائے ہو جائے تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ممکن ہوسکے ، چوہدری شجاعت حسین نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صدر کے انتخابات ہونگے اور پھر اس کے بعد عام انتخابات ہونگے ، انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو سے مذاکرات جاری ہیں اور ان مذاکرات کا مقصد صرف قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی جماعت کسی مذاکرات کے درمیان کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کررہی بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں سے حکومت کے مذاکرات ہونگے اور سارے لوگ اتفاق رائے پیدا کریں تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے فضاء قائم ہوسکے ، انہوں ے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں اورجنوری 2008ء میں اسمبلیوں کے انتخابات ہوں ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 15اکتوبر سے پہلے پہلے صدارتی انتخابات ہونگے ، انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے اہم اعلان ہونے والا ہے اور اسی ہفتے کے آخر تک قوم کو اچھی خبر ملے گی ، اس سے قبل طارق عزیز اور چوہدری شجاعت حسین کا چیک اپ ڈاکٹر مبشر چوہدری نے کیا ، انہوں نے کہا کہ دونوں صاحبان صحت مند ہیں اور یہ ایک روٹین چیک اپ تھا جو ان کی خواہش پر کیا گیا ہے ، ان صاحبان کے مختلف ٹیسٹ کروائے گئے ، جو بالکل مثبت ہیں اس لئے دونوں حضرات کو ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ۔