نیگلیریا سے بچاؤ کیلئے سوڈیم ہائیپو کلورائیٹ کی بوتلیں تقسیم کی جائینگی، جام مہتاب حسین ڈھر

جمعرات 4 جون 2015 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء ) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ نیگلیریا سے متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت سندھ واٹر بورڈ کراچی کے تعاون سے سوڈیم ہائیپو کلورائٹ کی بوتلیں اور کلورین کو گولیاں مفت تقسیم کرے گا۔ مساجد سے نیگلیریا سے متعلق آگاہی دی جائے گی ۔ پینے کے پانی کو بچانے کے لئے سروس اسٹیشن پر گاڑیوں کی دھلائی کے لئے بورنگ کا پانی استعمال کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں واٹر بورڈ کراچی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک میٹنگ میں کہی ۔ اس اجلاس میں واٹر بورڈ کراچی کے ایم ڈی ہاشم رضا زیدی ، اسپیشل سیکریٹری صحت ڈاکٹر خالد شیخ ، ای ڈی او صحت کراچی ڈاکٹر ظفر اعجاز ، چیف کیمسٹ یحیٰ وسیم قریشی ، چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد احسان صدیقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ واٹر بورڈ کے تحت چلنے والے 5فلٹر پلانٹس پر کلورین کی مقدار بین الاقوامی معیار کے مطابق برقرار رکھی جائے گی جبکہ موجودہ 11بوسٹرز کی تعداد کو بڑھاتے ہوئے 30کیا جائے تاکہ کراچی کے تمام علاقوں تک کلورین کی مقدار صحیح پہنچ سکے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی نے بتایا کہ واٹر بورڈ ماہانہ ایک کروڑ تیس لاکھ روپے کی کلورین خرید کر اپنے فلٹر پلانٹ میں ڈالتا ہے۔ صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اس کے نتائج عوام تک پہنچنے چاہئیں ۔ پانی کی اسٹوریج کے مقامات پر مناسب طریقے سے کلورین کی جائے تاکہ نیگلیریا جیسے موذی مرض سے عام آدمی کو محفوظ رکھا جائے۔

جب تک گھروں تک کلورین والا پانی نہیں پہنچے گا ہم اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے ۔ صوبائی وزیر صحت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مربوط روابط رکھیں ۔ عوام میں خوف و ہراس نہ پھیلائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بریفنگ پر نہیں عملیت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیگلیریا سے آگہی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ صرف احتیاطی تدابیر کے ذریعے ہی اس موذی مرض سے بچا جاسکتا ہے۔