نیگلیریا سے پاک شفاف پانی کیلئے فوری ،مثبت حل تلا ش کر لیا ہے،جام مہتاب ڈہر

جمعہ 5 جون 2015 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جون۔2015ء) سندھ کے وزیر صحت جام مہتاب ڈھر نے کہا ہے کہ نیگلیریا سے پاک شفاف پانی کے لئے فوری اور مثبت حل تلا ش کر لیا ہے ۔کراچی کے شہریوں میں آج(ہفتہ) سے سوڈیم ہائیڈرو کلورائیڈ کی بوتلیں مفت تقسیم کی جائیں گی ۔ کراچی میں لائنوں سے پانی چوری بھی بیکٹریا کی افزائش کی اہم وجہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایم ڈی واٹر بورڈہاشم رضا زیدی کے ہمراہ سی او ڈی واٹر فلٹریشن پلانٹ کے دورے کے موقع پر کیا ۔

اس دوران انہوں نے نیگلیریا کنٹرول سیل میں جاری کام کی کاکردگی کاجائزہ بھی لیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام مہتاب کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہریوں کو بین الااقوامی معیار کے مطابق صاف پانی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کراچی کے پانچ بڑے پمپنگ اسٹیشنز کے علاوہ 22بوسٹر اسٹیشنز بھی جلد کام شروع کردیں گے ۔ جام مہتاب کا کہنا تھا کہ سندھ میں نیگلیریا سے سات اموات ہوئی ہیں ۔

جن میں سے 5کیس کراچی کے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے جرثومے کو ختم کرنے کے لئے فوری حل ڈھونڈلیا ہے ۔ سوڈیم ہائیڈرو کلورائیڈ کی بوتل مارکیٹس میں لائی جائے گی ۔ کل سے شہر میں ان بوتلوں کی مفت تقسیم کا مرحلہ شروع اور ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کراچی میں لائنوں سے پانی جن مقامات پر چوری کیا جاتا ہے وہاں بھی نیگلیریا کے جرثومے کی افزائش ہو تی ہے ۔

دنیا بھر کے ماہرین صحت کے مطابق نیگلیریا کا کوئی علاج نہیں ہے ۔ ہم نے کراچی کے تمام واٹر پارکس میں پانی کے نمونے حاصل کر لئے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں جام مہتاب ڈھر کا کہنا تھا کہ صرف صوبہ سندھ میں ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی نیگلیریا سے اموات ہو رہی ہیں ۔ پانی کی صفائی کے حوالے سے تمام ماہرین کی خدمات بھی لی جا رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :