کھیرا افادیت کے لحاظ سے لاتعداد فوائد کاحامل ہے،طبی ماہرین

اتوار 7 جون 2015 14:24

اسلام آباد ۔07جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جون۔2015ء) کھیرا پھلوں کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور یہ گرم علاقوں میں کاشت کی جانے والی دنیا کی چوتھی بڑی سبزی ہے ۔ افادیت کے لحاظ سے کھیرا لاتعداد فوائد کاحامل ہے ۔ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ کھیرا جلد کی حفاظت کیلئے بہترین ہے جو چہرے کی جھریاں ختم کرنے اور دھوپ اور لو سے جھلسی ہوئی جلد کیلئے مفید ہے ۔

(جاری ہے)

کھیرے میں 96فیصد پانی پایا جاتا ہے جو نہ صرف پیاس بجھاتا ہے بلکہ جسم کی حدت کو بھی کم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیرے میں پوٹاشیم ، میگنیشیم اور فائبر بھی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مفید ثابت ہوتے ہیں جبکہ کھیرے میں موجود بعض اجزاء کینسر سے بچاؤ میں بھی مدد دیتے ہیں اسی طرح یہ سانس کی بدبو پیدا کرنے والے بیکٹریا کو بھی ختم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کھیرے کے جوس کے استعمال سے السر کا بھی علاج کیا جاسکتا ہے ۔