خسرہ وبا ء سے ہونیوالی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا تعین کرنے ،موثر قانون سازی کیلئے دائر درخواست پر اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل معاونت کیلئے طلب

پیر 8 جون 2015 14:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جون۔2015ء )لاہور ہائیکورٹ نے خسرہ وبا ء سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا تعین کرنے اور وبا ء کے خاتمے کیلئے موثر قانون سازی کیلئے دائر درخواست پر اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالتی معاونت کیلئے طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق یاڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ خسرہ سے ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا تعین نہ ہونے سے لواحقین اذیت میں مبتلا ہیں۔حکومت نے تاحال اس وبا ء کو ختم کرنے کے لئے سنجیدگی دکھائی ہے اور نہ ہی موثر قانون سازی کی گئی ہے۔محکمہ صحت کو سیاسی وابستگی رکھنے والے ملازمین سے پاک کئے بغیر اور صوبائی کنٹرول کی بجائے الگ مانیٹرنگ اتھارٹی بنائے بغیرمستقبل میں شہریوں کو اس طرح کے وبائی امراض سے محفوظ نہیں رکھاجا سکتا۔سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے تفصیلی جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی جس پر فاضل عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو 25جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالتی معاونت کے لئے طلب کر لیا۔