شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے ڈائریا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے،ڈاکٹر خالد زبیری

پیر 8 جون 2015 16:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جون۔2015ء) ممتاز ماہر امراض اطفال ڈاکٹر خالد زبیری نے کہا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے ڈائریا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو ابلا ہوا پانی پلائیں اور گھریلو اشیاء کو ڈھانپ کر رکھیں۔پیر کو صحافیوں کو گفتگو کرتے ہوئے چلڈرن اسپتال نارتھ ناظم آباد کے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر خالد زبیری نے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی مختلف قسم کے امراض پھیلنے کاخدشہ پیدا ہوجاتا ہے ۔

(جاری ہے)

گرمی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہوتے ہیں اور وہ ڈائریا کے مرض کا شکار ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے ڈائریا ایک خطرناک مرض ہے جو کہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرض سے بچاوٴ کے لیے والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو ابلا ہوا پانی پلائیں اور گھریلو اشیاء کو ڈھانپ کر رکھیں اور کوشش کی جائے کہ بچوں کو گھر میں تیار کی گئی اشیا ہی کھلائی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ ایسے موسم میں بچوں کو باہر کی چیزیں کھلانا ان کی صحت سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔ڈاکٹر خالد زبیری نے کہا کہ گرمی کے موسم میں گھروں کو صاف ستھرا رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :