خون میں بائیو مارکرک اپولی پرو پروٹین ای کی کم مقدار مستقبل میں ڈیمنشیا کی نشاندہی کرتی ہے،طبی ماہرین

بدھ 10 جون 2015 15:04

کوپن ہیگن ۔ 10 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) طبی ماہرین نے بھول جانے کے مرض (ڈیمنشیا) کی قبل از وقت نشاندہی کرنے والے خون کے ایک سادہ ٹیسٹ کا پتہ چلایا ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ڈنمارک کے ماہرین نے کہا ہے کہ کسی بھی شخص کے خون میں ڈیمنشیا کی نشاندہی کرنے والے بائیو مارکرک اپولی پرو پروٹین ای کی کم مقدار میں موجودگی مستقبل میں ڈیمنشیا (یادداشت کی کمی) کا مرض لاحق ہو جانے کی نشاندہی کرتی ہے۔

کلینکل ریسرچ کے اسسٹنٹ پروفیسر کوپن ہیگن یونیورسٹی رتھ فریکے شمٹ نے بتایا کہ خون کے ایک سادہ ٹیسٹ سے حالیہ دنوں کی بجائے مستقبل میں ڈیمنشیا لاحق ہونے کے امکانات کی واضح نشاندہی ہو جاتی ہے کیونکہ خون میں اپولی پرو پروٹین کی کمی دماغ میں بھی اپولی پروٹین ای کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس دریافت کے بعد مستقبل میں یادداشت کی کمی کے مرض پر قابو پانے والی ادویات تیار کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔